کشتی حادثہ کے لاپتہ افراد کا ہنوز پتہ نہیں :آئی جی پی

   

سری نگر۔ جموں و کشمیر کے سری نگر ضلع میں دریائے جہلم میں ایک کشتی الٹنے سے چھ طلباء کی موت اور چھ کو بچالیے جانے کے ایک دن بعد، حکام نے چہارشنبہ کو کہا کہ ابھی تک تین لاپتہ افراد کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔ وی کے بردی، آئی جی پی (کشمیر) زون نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ تینوں افراد کا سراغ لگانے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو آپریشن رات گئے تک جاری رہا اور صبح دوبارہ شروع کیا گیا۔ ہمیں ابھی تک لاشیں نہیں ملی ہیں۔ منگل کو سری نگر شہر کے بٹوارہ علاقے میں دریائے جہلم میں ایک کشتی الٹنے سے چھ طلباء کی موت ہو گئی اور چھ کو بچا لیا گیا۔ خاص طور پر تربیت یافتہ غوطہ خور لاپتہ افراد کو ان جگہوں پر تلاش کر رہے ہیں جہاں ان کے ملنے کے امکانات زیادہ ہیں۔ ان خصوصی غوطہ خوروں کو پانی کے بہاؤ اور صورت حال کا اندازہ ہے، اور وہ تلاش کر رہے ہیں جہاں زیادہ امکان ہے، آئی جی پی نے کہا۔ وہ لاشوں کی تلاش کر رہے ہیں۔ آئی جی پی نے مزید کہا کہ ہم نے دریائے جہلم کے ساتھ واقع تمام تھانوں کو چوکنا کردیا ہے۔