کشمیرمیں جماعت اسلامی سے وابستہ افراد کے گھروں پر چھاپے

   

سرینگر ۔یکم اکتوبر ۔( یو این آئی ) پولیس کا کہنا ہے کہ علحدگی پسند اور دہشت گرد نیٹورکس کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے چہارشنبہ کے روز شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں جماعت اسلامی سے وابستہ افراد کے گھروں پر چھاپے مارے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران پولیس نے قابل اعتراض مواد بر آمد کرکے اس کو ضبط کیا جو کالعدم تنظیم سے متعلق بتایا جا رہا ہے ۔ ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ سوپور پولیس نے چہارشنبہ کو سوپور کے زلوڑہ علاقے میں جماعت اسلامی سے وابستہ افراد کے گھروں پر چھاپے مارے اور اس دوران قابل اعتراض مواد کو بر آمد کرکے ضبط کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے محمد مقبول بٹ ولد عبد الرحیم بٹ اور تنویر احمد ڈار ولد عبدالجبار ڈار کے گھروں کی تلاشی لی گئی۔ اُن کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں یو اے پی اے کے تحت درج ایک ایف آئی آر کے سلسلے میں عمل میں لائی گئیں۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ تلاشی کیلئے مجاز عدالت سے قانونی وارنٹ حاصل کئے گئے تھے اور تمام کارروائیاں مجسٹریٹوں اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں انجام دی گئیں تاکہ شفافیت اور قانونی تقاضے پورے کئے جا سکیں۔