سری نگر: وادی کشمیر کے ایک 78 سالہ اردو روزنامے ’’روشنی‘‘ نے منگل کے شمارے کے صفحہ اول کے بالائی حصے پر فیس ماسک کو چسپاں کر کے اور نچلے حصے پر اس کے استعمال کی اہمیت و ضرورت پر اداریہ رقم کر کے ایک انوکھی اور مثالی مہم کا آغاز کردیا ہے ۔صفحہ اول کے بالائی حصے پر ایک ڈبے پر فیس ماسک چسپاں ہے ، جو قارئین اخبار کو مفت فراہم کی گئیں، اور دائیں طرف لکھا ہے :ماسک کا استعمال ضروری ہے ۔ اس سے نہ صرف آپ بلکہ آپ کے آس پاس رہنے والے لوگ بھی کورونا وائرس سے بچ سکتے ہیں۔روزنامہ ‘روشنی’ جس کی فی اخبار کی قیمت آج بھی صرف دو روپے ہے ، کا منگل کے شمارے کا آخری صفحہ بھی کورونا وبا کے بارے میں جانکاری کے نام ہی وقف ہے ۔اس صفحہ کے بالائی حصے پر لکھا ہے :کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال کی چند تصاویر ہیں اور نچلے حصے پر محکمہ اطلاعات و تعلقات کا عامہ کا کورونا کے بارے میں اشتہار ہے ۔آخری صفحے پر انتظامیہ کے ارباب اقتدار کے فیس ماسک پہننے کے بارے میں وہ بیانات بھی درج ہیں جن میں لوگوں کو فیس ماسک لگانے کی تاکید کی گئی ہے ۔صفحہ اول پر لکھے اداریے میں کہا گیا ہے ’’کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں ہزاروں لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ بیٹھے ہیں، اتنا ہی نہیں، اس وبا نے ہمارے اقتصادی حالات کو بھی متاثر کر دیا ہے ۔ کشمیر، جو گذشتہ سال سے زیادہ مشکلات اور لاک ڈاؤن سے دوچار ہے ، مزید مشکلات میں مبتلا ہے ۔ یہ وقت نون میں نکتہ نکالنے کا نہیں رہا بلکہ جو مسائل در پیش ہیں، ان کا مل جل کر ازالہ کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔اداریہ میں ڈاکٹروں کے رول کے حوالے سے کہا گیا ہے ’’ڈاکٹر حضرات ہمارا ایک سرمایہ ہیں، ان کی انتھک محنت سے ہی بیماروں کی جانیں بچائی جاسکتی ہیں‘‘۔