کشمیری عوام کی خواہش پر ہی مستقبل کا لائحہ عمل تیار کروں گا : شاہ فیصل

,

   

سرکاری ملازمت ترک کرنے کے فیصلہ پر تنقیدوں اور ستائش کا سلسلہ جاری

سرینگر 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انڈین اڈمنسٹریٹیو سرویس (آئی اے ایس) سے مستعفی ہونے کے ایک دن بعد شاہ فیصل نے آج کہاکہ ان کا اگلا قدم کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق ہوگا۔ خاص کر نوجوانوں کی مرضی سے ہی وہ مستقبل کا لائحہ عمل تیار کریں گے۔ شاہ فیصل نے 2009 ء میں آئی اے ایس میں ٹاپ کیا تھا۔ انھوں نے کہاکہ میں نوجوانوں کی مرضی کے مطابق ہی حتمی فیصلہ کروں گا۔ آگے کیا کرنا ہے اس کے بارے میں میرے پاس ایک منصوبہ ہے اور مجھے اُمید ہے کہ آپ لوگوں کے پاس بھی میرے مستقبل کے بارے میں منصوبہ ہوگا۔ سرکاری ملازمت ترک کرنے کے فیصلہ پر فیصل نے کہاکہ انھیں تنقیدوں اور ستائش دونوں مل رہی ہیں۔ میرے فیصلے پر تنقیدوں اور تعریفوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن یہ تنقیدیں اور تعریفیں ان کی توقع کے مطابق ہی ہیں۔ فی الحال میں نے اپنی ملازمت چھوڑ دی ہے۔ اب یہاں سے مجھے کیا کرنا ہے یہ کشمیری عوام کی مرضی پر منحصر ہے خاص کر نوجوانوں کی مرضی سے ہی میں کام کروں گا۔ اُنھوں نے فیس بُک پوسٹ میں یہ تحریر لکھی ہے۔ شاہ فیصل نے عوام سے کہاکہ اگر ان کے پاس کوئی منصوبہ ہے تو وہ ان سے کہیں جس کے بعد ہی وہ اپنے مستقبل کے بارے میں قطعی فیصلہ کریں گے۔ اگرچہ فیس بُک اور ٹوئٹر سے نکل کر باہر آنے تیار ہیں اور کل بروز جمعہ سرینگر میں جمع ہوکر میرے حق میں اپنی قوت کا مظاہرہ کریں تو ہم یہاں سے آگے کے بارے میں سوچیں گے۔ میرا انتخاب سیاست ہے۔ اپنے سیاسی عزائم کا فیصلہ میں فیس بُک جیسے تبصروں پر نہیں بلکہ حقیقی عوام کے فیصلہ پر منحصر ہوگا۔ میں وہی کروں گا جو لوگ خاص کر نوجوان مجھے کرنے کو چاہیں گے۔ استعفیٰ کے اعلان کے بعد میں دشنام طرازیوں اور چاپلوسیوں کے سیلاب میں محصور ہوچکا ہوں۔ مجھے اس کی پرواہ نہیں ہے۔ میری سیاسی منزل کا تعین فیس بُک کے کمینٹس یا لائیکس کے مطابق نہیں بلکہ حقیقی اور مدبر لوگوں کی رائے کے مطابق ہوگا۔ کل بروز جمعہ میں اپنے لوگوں اور بہی خواہوں سے ملاقات کرنے کے بعد یہ دیکھوں گا کہ مجھ سے ملنے کون لوگ آرہے ہیں اور سرینگر میں جمع ہونے والے افراد سے ہی میرے مستقبل کا لائحہ عمل تیار ہوگا۔