کشمیر میں تازہ برفباری اور بارش،قومی شاہراہ ایک مرتبہ پھر بند

,

   

سری نگر21جنوری (سیاست ڈاٹ کام )وادیٔ کشمیر میں آج موسم متاثر رہا جیسا کہ مختلف علاقوں میں تازہ ترین برفباری کے علاوہ بارش کی وجہ سے بھی عام زندگی مفلوج رہی بلکہ سردی کی لہر کی وجہ سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ پیر کی علی الصبح وادی کے مختلف علاقوں میں اوسط درجہ کی بارش ہوئی جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کی بھی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کے بموجب دوسرے دن بھی موسم اسی طرح رہنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔دریں اثناء وادی کشمیر کو بیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر۔جموں قومی شاہراہ تازہ برف باری کے باعث سوموار کو ایک بار پھر ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے معطل رہی۔ٹریفک حکام نے یو این آئی کو بتایا کہ 270 کلو میٹر طویل سری نگر۔جموں قومی شاہراہ پر کئی مقامات پر برف جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحمل کو احتیاطی طور بند کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ پرجواہر ٹنل کے آرپاراور قاضی گنڈ میں کافی برف جمع ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسافروں کے تحفظ کے پیش نظر شاہراہ پر کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی تاہم موسم میں بہتری آنے کے بعد صورتحال پر نظر ثانی کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ شاہراہ پر برف ہٹانے کے لئے بارڑر روڑس آرگنا ئزیشن نے مشینری اور افرادی قوت کو کام پر لگایا ہے لیکن برف باری جاری رہنے کے باعث انہیں کافی مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں سے کسی بھی گاڑی کو سری نگر روانہ ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ شاہراہ پر سفر کرنے سے پہلے سری نگر، جموں اور رام بن میں قائم ٹریفک کنٹرول یونٹوں کے ساتھ رابطہ کریں۔سرکاری ذرائع کے مطابق ٹنل کے آر پار بڑی تعداد میں گاڑیاں درماندہ ہیں جن میں سے زیادہ تعداد ٹرکوں اور تیل ٹینکروں کی ہے ۔دریں اثنا محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بھاری برف باری کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث زمینی وفضائی ٹریفک متا ثر رہ سکتا ہے ۔ادھر لداخ کو وادی کے ساتھ جوڑنے والی واحد قومی شاہراہ اور تاریخی مغل روڑ گذشتہ زائد از ایک ماہ سے لگاتار بند ہے ۔ اس کے علاوہ شمالی کشمیر میں درجنوں علاقوں کا اپنے متعلقہ ضلع ہیڈکوارٹروں سے زمینی رابطہ بدستور منقطع ہے ۔