کشمیر میں کورونا صورتحال تشویشناک نہیں:حکام

   

سرینگر: وادی کشمیر میں گذشتہ دو ماہ کے دوران کورونا کیسز میں اضافہ درج ہوا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے منگل کے روز بتایا کہ وادی میں ماہ اکتوبر اور نومبر کے دوران کورونا کیسز میں اضافہ درج ہوا اور سری نگر میں کورونا کے مثبت کیسزکی شرح 170 فیصدی تک بڑھ گئی ہے ۔ کورونا کنٹرول روم کشمیر کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ضلع سری نگر میں ماہ اکتوبر اور نومبر کے دوران کورونا کیسز کی شرح55 فیصدی درج ہوئی جبکہ باقی وادی میں یہ شرح 115 فیصدی تک بڑھ گئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع سری نگر میں کورونا کیسز کی ہفتہ وار شرح ماہ اگست کے پہلے ہفتے کی 0.38 فیصدی سے بڑھ کر ماہ نومبر کے پہلے ہفتے تک 1.96 فیصدی تک پہنچ گئی ہے ۔ سری نگر میں شادیوں کے سیزن کے فوراً بعد کورونا گائیڈ لائنز پر بہت کم عمل در آمد کے باعث کورونا کیسز میں اضافہ درج ہونے لگا تھا۔ موصوف عہدیدار نے کہا کہ وادی کے دیگر اضلاع میں ماہ نومبر کے پہلے ہفتے کے دوران کورونا کیسز کی شرح 0.20 فیصدی کے آس پاس تھی جو اب بعض اضلاع میں بڑھ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں مثبت کیسز کی شرح 0.58 فیصدی تک بڑھ گئی ہے ۔