کشمیر میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد2 ہوگئی

,

   

سفری تفصیلات چھپانے والے افراد سماج کو خطرے میں ڈال رہے ہیں : دلباغ سنگھ
سری نگر29مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) وادی کشمیر میں شمالی ضلع بارہمولہ کے ٹنگمرگ علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک 62 سالہ شخص کی کورونا وائرس کے باعث موت واقع ہوئی ہے جس کے بعد وادی میں اس عالمی وبا کی وجہ سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 2 ہوگئی ہے ۔جموں وکشمیر حکومت کے ترجمان روہت کنسل نے کورونا وائرس کی وجہ سے اتوار کی صبح ہونے والی ایک اور ہلاکت کی تصدیق کردی ہے ۔ دوسری طرف جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ سفری تاریخ چھپانے والے افراد اپنے آپ، اپنے اہل خانہ اور سماج کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے سفری تاریخ چھپانے والوں کو سخت کارروائی کی وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ مثبت کیسز میں غیر معمولی اضافہ اسی کا شاخسانہ ہے ۔پولیس سربراہ نے اتوار کے روز یہاں میڈیا کو بتایا: ‘میرا ماننا ہے کہ ہر ایک شخص پر فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ اپنی سفری تاریخ خود ظاہر کریں۔ سفری تاریخ چھپانے والے نہ صرف اپنے آپ کو بلکہ اپنے اہل خانہ اور سماج کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ جن لوگوں نے ابھی تک اپنی سفری تاریخ ظاہر نہیں کی ہے ان کو فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ قائم کرنا چاہیے ‘۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘سفری تاریخ ظاہر نہ کرنے کی وجہ سے ہی پرسوں سے کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں ہمیں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے ۔ دو افراد کی موت واقع ہوچکی ہے ۔ سفری تاریخ چھپانے سے گریز کیا جائے ۔ چھپانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی’۔تاہم دلباغ سنگھ کے مطابق لوگ رضاکارانہ طور پر پولیس کو کال کرکے بیرون جموں وکشمیر سے آنے والے افراد سے متعلق تفصیلات فراہم کررہے ہیں۔