کشمیر کی جیل سے پاکستانی قیدیوں کی پراسرار گمشدگی

   

سرینگر: جموں و کشمیر کے علاقہ پہلگام میں پیش آنے والے واقعہ کے بعد مودی حکومت کے جنگی جنون میں مزید شدت آگئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق خطہ کی جیلوں میں غیر قانونی طور پر قید دو سے تین پاکستانی شہریوں کو پراسرار طور پر غائب کردیا گیا ہے، جس پر شدید خدشات جنم لے رہے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق جموں خطہ کی ایک جیل میں طویل عرصہ سے غیر قانونی طور پر قید پاکستانی شہریوں کو گزشتہ دنوں اچانک جیل سے نکال کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا، ان قیدیوں کے بارے میں کوئی سرکاری مؤقف سامنے نہیں آیا جبکہ ان کے اہل خانہ اور متعلقہ اداروں کو بھی لاعلم رکھا گیا ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ یہ پاکستانی شہری کئی سالوں سے کسی مقدمے یا ثبوت کے بغیر مختلف جیلوں میں قید تھے، جنہیں اب سیکوریٹی اداروں کی جانب سے ممکنہ طور پر کسی مذموم مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان بے گناہ قیدیوں کو کسی فیک انکاؤنٹر یا فالس فلیگ آپریشن کا نشانہ بنا کر پاکستان پر ایک اور جھوٹا الزام تھوپنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔