کشمیر کے کشتواڑ اور لیہہ میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے

   

سری نگر: جموں وکشمیر کے ضلع کشتواڑ اور لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں چہارشنبہ کی صبح زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمالوجی کے مطابق کشتواڑ میں چہارشنبہ کی صبح 10 بجکر 52 منٹ اور 57 سیکنڈ پر زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے۔سنٹر کے مطابق اس زلزلے کی شد ت ریکٹر اسکیل پر 3.3 ریکارڈ کی گئی جبکہ زمین کے اندر اس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔ ادھر لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔نیشنل سنٹر فار سیسمالوجی کے مطابق لیہہ میں صبح 8 بجکر 7 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ زمین کے اندر اس کی گہرائی دس کلو میٹر تھی۔ واضح رہے کہ جموں کشمیر اور لداخ زلزلیاتی پیمانے پر سب سے زیادہ خطرناک پانچ اور چار زون میں آتے ہیں۔