دراندازی کرنے والا پاکستانی ہلاک، میجر سمیت4 زخمی
سری نگر: جموں و کشمیر کے کپوارہ میں ایک بار پھر ملی ٹینٹوں اور فوج کے جوانوں کے درمیان تصادم ہوا ہے جس میں ایک سیکوریٹی اہلکار شہید ہوگیا جبکہ میجر سمیت دیگر چار زخمی ہوئے ہیں ۔ کمکاری علاقے میں ہونے والے اس تصادم پر فوج کی طرف سے بیان میں کہا گیاکہ لائن آف کنٹرول پر مڑھل سیکٹر کی ایک چوکی پر نامعلوم افراد کے ساتھ فائرنگ ہوئی جس میں ایک پاکستانی درانداز مارا گیا ہے جبکہ ہمارے دو فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں اور انہیں نکال لیا گیا ہے دونوں زخمی جوانوں کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔قبل ازیں سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کپوارہ کے مڑھل سیکٹر میں کمکاری پوسٹ کے نزدیک سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں تین فوجی جوان زخمی ہوئے۔خیال رہے کہ یہ انکاؤنٹر وزیر اعظم نریندر مودی کے کرگل میں کرگل وجے دیوس کے موقع پر اپنے خطاب میں پاکستان کو سخت وارننگ دینے کہ ہماری فوج پوری طاقت کے ساتھ دہشت گردی کو کچلے گی اور دشمن کو کرارا جواب دے گی کے ایک دن بعد ہوا ہے۔ یہ گذشتہ 15 دنوں کے دوران کپوارہ میں ہونے والا چوتھا انکاؤنٹر ہے۔ اس سے قبل ہونے والے تین انکاونٹرس میں 6 غیر ملکی ملی ٹنٹ ہلاک اور ایک جوان جاں بحق ہوا ہے۔ فوجی سربراہ جنرل اوپنیدر دویدی نے دو روز قبل کپوارہ میں ایل او سی کے اگلے علاقوں کا دورہ کر کے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔