کلاؤڈ فوٹوگرافر یونس فرحان کا انوکھا کارنامہ

   

بین الاقوامی انسداد منشیات کے موقع پر بادلوںکے ذریعہ دیا عوام کو پیغام

حیدرآباد ۔ 27 جون (سیاست نیوز) یوم منشیات اور غیرقانونی اسمگلنگ 26 جون کے موقع پر تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے معروف کلاؤڈ فوٹوگرافر یونس فرحان نے اپنی منفرد فوٹوگرافی اور بادلوں کی بدلتی شکلوںکے ذریعہ دنیا کو ایک حیرت انگیز اور خوفناک پیغام دیا ہے۔ انہوں نے آسمان میں قدرتی طور پر بننے والے بادلوںکی اشکال کو اپنے کیمرے میں قید کرکے (Say No To Drugs) کے عنوان سے ایک یادگار ڈیجیٹل مہم کا آغاز کیا ہے۔ بادلوں کے اس پیغام کو دیکھ کر انسانی ذہن دنگ رہ جاتا ہے۔ یونس فرحان کی ایس تصویری مہم میں دکھایا گیا ہیکہ کس طرح آسمان میں بننے والا ایک مخصوص بادل پہلے ایک ایسے انسان کے سلہیویٹ (Shilhouette) کی شکل اختیار کرتا ہے جو دھوئیں کے ذریعہ منشیات کو لے رہا ہے۔ پھر وہی دھواں دیکھتے ہی دیکھتے ایک غضبناک ’’شیر‘‘ کی شکل میں بدل جاتا ہے اور آخرکار ایک ہولناک ’’ڈھانچہ‘‘ (Skeletou) میں تبدیل ہوکر ختم ہوجاتا ہے۔ اس سحرانگیز اور بیدارکن کلاؤڈ فوٹوگرافی پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے فوٹوگرافر یونس فرحان نے کہا کہ آسمان میں بننے والا ہر بادل الگ الگ چمک اور پیغام رکھتا ہے۔ جب میں نے اس مخصوص شکل بدلتے بادل کو دیکھا تو اس کے کردار نے مجھے یہ سمجھانے پر مجبور کردیا کہ قدرت کا یہ نظارہ کتنا عجیب اور سچا ہے۔ یہ بادل صاف بتارہا ہیکہ منشیات کی شروعات دھوئیں کے فریب سے ہوتی ہے۔ جو انسان کو عارضی طور پر شیر جیسی طاقت کا احساس دلاتی ہے لیکن انجام اسے ڈھانچہ بناکر موت کی نیند سلادیتی ہے۔ انہوںنے اپنی اس کلاؤڈ مہم کے ذریعہ یہ واضح پیغام دیا ہیکہ منشیات نہ صرف انسان کی دماغی حالت کو مفلوج کرتی ہے بلکہ یہ جسم کے تمام اعضاء کو آہستہ آہستہ تباہ کردیتی ہے۔ منشیات صرف ایک فرد کی زندگی کو متاثر نہیں کرتی بلکہ یہ اس کے پورے خاندان اور معاشرے کو برباد کردیتی ہیں۔2