کلبرگی میں بی جے پی اور کانگریس کے قدآور قائدین میں مسابقتی مقابلہ

   

کلبرگی: کرناٹک کی ہائی پروفائل پارلیمانی سیٹ کلبرگی میں آئندہ انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس کے دو قدآور لیڈروں کے درمیان براہ راست مقابلہ ہے۔ اپنے شاندار ثقافتی ورثے کے لیے مشہورکلبرگی میں بی جے پی نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں جیتنے والے امیدوار ڈاکٹر امیش جادھو کو اس بار پھر میدان میں اتارا ہے۔ ڈاکٹر جادھو نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں یہاں سے کانگریس کے سینئر لیڈر اور کانگریس صدر ملکارجن کو شکست دی تھی۔ ایک اسٹریٹجک قدم اٹھاتے ہوئے، کانگریس نے مسٹر کھڑگے کے داماد رادھا کرشن ڈوڈامنی کو ڈاکٹر جادھو کے خلاف انتخاب میں اتارا ہے۔ تاریخی طور پرکلبرگی بی جے پی اور کانگریس کے درمیان انتخابی میدان رہا ہے۔ آزادی کے بعد تقریباً چار دہائیوں تک اس حلقے پرکانگریس کا غلبہ رہا، جب کہ بی جے پی وقفے وقفے سے جیت حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ دھرم سنگھ اور وریندر پاٹل جیسے لیڈر پہلے اس حلقے کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ کلبرگی پارلیمانی حلقہ میں تقریباً 22.59 لاکھ ووٹر ہیں۔ لنگایت برادری یہاں اکثریت میں ہے، حالانکہ مسلمان، درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل، لمبانی، کبالیگا اور کروبا جیسی مختلف برادریوں کے ووٹربھی یہاں کافی تعداد میں ہیں۔