کلبھوشن جادھو کو آج سفارتی رسائی فراہم کی جائے گی : پاکستان

   

اسلام آباد ۔ یکم ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج کہا کہ وہ کلبھوشن جادھو کو سفارتی رسائی کل پیر کو فراہم کریگا ۔ جادھو کو وہاں سزائے موت کا سامنا ہے ۔ پاکستان نے کہا کہ بین الاقوامی عدالت انصاف کے فیصلے کے مطابق یہ سفارتی رسائی فراہم کی جائے گی ۔ ہندوستانی عہدیداروں کی کلبھوشن جادھو سے ملاقات کی کوششوں میں مسلسل ناکامیوں کے بعد اب یہ اعلان سامنے آیا ہے ۔ ہندوستان اور پاکستان کے مابین اس رسائی کے مسئلہ پر طریقہ کار کے اختلافات تھے ۔ 49 سالہ جادھو کو پاکستانی فوجی عدالت نے مبینہ طور پر جاسوسی اور دہشت گردی کے الزامات کے تحت اپریل 2017 میںسزائے موت سنائی تھی ۔ اس کے بعدہندوستان نے بین الاقوامی عدالت انصاف میں مقدمہ دائر کیا تھا اور ان کی سزائے موت پر حکم التوا حاصل کیا تھا ۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے ٹوئیٹ کیا کہ ہندوستانی جاسوس کمانڈر کلبھوشن جادھو کو پیر 2 ستمبر 2019 کو سفارتی رسائی فراہم کی جارہی ہے ۔ پاکستان کا الزام ہے کہ جادھو اب بھی ہندوستانی بحریہ کا عہدیدار ہے اور وہ را کیلئے کام کرتا ہے ۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ وینا کنونشن اور بین الاقوامی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں ایسا کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمانڈر جادھو اب بھی جاسوسی اور دہشت گردی اور سبوتاج کے الزامات میں پاکستان کی تحویل میں ہی ہے ۔ قبل ازیں جمعرات کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد فیصل نے کہا تھا کہ پاکستان اور ہندوستان جادھو کو سفارتی رسائی فراہم کرنے کے مسئلہ پر ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔ اسی دن ہندوستان نے بھی کہا تھا کہ اس نے فوری سفارتی رسائی پر زور دیا ہے ۔