حیدرآباد /21ڈسمبر، ( سیاست نیوز) شہر میں قتل کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے ، عیدی بازار قتل واقعہ ابھی تازہ تھا کہ کلثوم پورہ میں ایک اور روڈی شیٹر کا قتل کردیا گیا۔ ان دو وارداتوں میں جرائم پیشہ و مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کا قتل کیا گیا تاہم ان کی روک تھام اور جرائم پیشہ افراد پر قابو پانے میں پولیس ناکام ہے ۔ نئے پولیس کمشنر کیلئے ان وارداتوں سے نمٹنا اور روڈی و غنڈہ عناصر کو قابومیں رکھنا ضروری ہوگیا ہے۔ کلثوم پورہ حدود میں ایک روڈی شیٹر کا قتل کردیا گیا ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس کے ساتھی نے یہ واردات انجام دی ہوگی۔ کلثوم پورہ پولیس کیلئے مقتول کی شناخت مشکل تھی تاہم بعد ازاں عہدیداروں نے مقتول شخص کی شناخت کرلی۔ امام پورہ میں آج صبح ایک قبرستان کی دیوار سے متصل کچرے کے ڈھیر میں انیل عرف لکھن کی نعش پائی گئی۔ پولیس نے اطلاع پر پہنچ کر کارروائی انجام دی اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔ انیل عرف لکھن روڈی شیٹر تھا ۔ ذرائع کے مطابق پولیس کو اس کے ساتھی گوپی پر شبہ ہے۔ ان دونوں میں مسروقہ رقم کی تقسیم پر تنازعہ تھا ۔ دوران دونوں میں تکرار ہوئی اور گوپی نے انیل کا قتل کردیا اور اس کی شناخت مٹانے وزنی پتھر سے چہرہ بگاڑ دیا اور کچرے کے ڈھیر میں نعش کو جلادیا۔