26 اور 27 اگست کو بالترتیب نمائش میدان و چنچل گوڑہ مقرر، سرکردہ علماء کا خطاب، ذمہ داروں کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔23۔اگسٹ(سیاست نیوز) کل ہند مجلس تعمیر ملت کا 77واں عظیم الشان جلسہ یوم رحمۃ للعلمین ﷺ حسب روایت قدیم 12 ربیع الاول کو دن میں 10:30بجے نمائش میدان میں منعقد ہوگا اور اس جلسہ عام سے ملک کے سرکردہ علماء اکرام مخاطب کریں گے۔ صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت جناب سید ایوب حسینی نے 77ویں جلسہ رحمۃللعلمین کے سلسلہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ عام کے سلسلہ میں تمام تر تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور اس مرتبہ جلسہ رحمۃللعلمین میں جناب ضیاء الدین صدیقی امیر وحدت اسلامی کے علاوہ مولانا ابو طالب رحمانی رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حسب راویت قدیم عمل درآمد 12 ربیع الاول 26 اگسٹ بروز چہارشنبہ دن میں 10:30بجے نمائش میدان نامپلی پر جلسہ رحمۃ للعلمین ﷺ منعقد ہوگا اور 13 ربیع الاول 27 اگسٹ بروز جمعرات بعد نمازعشاء 9بجے شب چنچل گوڑہ میدان میں’یوم صحابہؓ‘منعقد ہوگا۔ صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت نے بتایا کہ ماہ ربیع المنور کے پیش نظر سیر ت النبیﷺ سے متعلق طلبہ کو واقف کروانے اور ان میں شعور اجاگر کرنے کے لئے متعدد مقابلہ جات منعقد کرنے کے اقدامات کئے گئے جن میں زائد از 9ہزار طلبہ نے حصہ لیا۔ جناب ایوب حسینی نے کہاکہ اس تاریخی جلسہ کی بنیاد حضرت سید خلیل اللہ حسینیؒ نے رکھی تھی اور اس جلسہ عام کے ذریعہ کل ہند مجلس تعمیرملت نے نہ صرف شہر حیدرآباد بلکہ ملک کے مختلف حصوں میں امت مسلمہ میں اتحاد و اتفاق کے علاوہ ان میں دینی شعور بیدار کرنے کا جو کام کیا ہے اس سے دنیا واقف ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران صدر تنظیم کے ہمراہ نائب صدر ڈاکٹرمحمد مشتاق علی ‘جناب عمر احمد شفیق معتمد عمومی کے علاوہ دیگر ذمہ داران موجود تھے۔جناب سید ایوب حسینی نے بتایا کہ نمائش میدان میں منعقد ہونے والے جلسہ عام سے شہر حیدرآباد کے سرکردہ علماء اکرام بھی مخاطب کریں گے جن میں ڈاکٹر مولانا احسن بن محمد عبدالرحمن الحمومی خطیب شاہی مسجد باغ عامہ ‘ مفتی محمد نیر اعظم اشرفی ‘ ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد‘ مولانا مسعود حسین مجتہدی ‘ جناب عمر شفیق کے علاوہ دیگرشامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یوم صحابہؓسے شہر حیدرآباد کے جید علماء ڈاکٹر سید رضوان پاشاہ قادری‘ مولانا مفتی انوار احمد‘ ڈاکٹر عماد الدین نقشبندی ‘ جناب محمد سیف الرحیم قریشی کے علاوہ دیگر مخاطب کریں گے۔انہوں نے امت محمدیہ ﷺ ‘ پیروان صحابہؓ سے ان دونوں مقدس جلسوں میں شرکت کرتے ہوئے انہیں کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ محبان مجلس کل ہند تعمیر ملت سیر ت النبی ﷺ کے پیغام کو عام کرنے کی ممکنہ کوشش کر رہی ہے۔ اس موقع پر جناب یوسف حامدی نے بھی تنظیم کی کارکردگی سے واقف کروایا ۔3