کمار سوامی حکومت اقلیت میں آگئی ، یدی یورپا کا دعویٰ

   

بنگلورو، 20جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر اور ریاستی بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر بی ایس یدی یورپا نے ہفتہ کو دعویٰ کیا کہ ریاست کی جنتادل ایس)۔کانگریس مخلوط حکومت اقلیت میں آگئی ہے اور وزیراعلی ایچ ڈی کمار سوامی کو اب حکومت چلانے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے ۔مسٹر یدی یورپا نے یہاں ایک ریزارٹ میں ٹھہرے ہوئے بی جے پی کے اراکین اسمبلی سے بات چیت کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ مجھے اسمبلی اسپیکر کے آر رمیش کمار پر اعتماد ہے جنہوں نے یقین دلایا ہے کہ پیر کو تحریک اعتماد کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ اسی ریزارٹ میں انکی پارٹی کے اراکین اسمبلی گزشتہ دس دنوں سے رہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت اکثریت ثابت کرنے میں ناکام رہے گی اور وزیراعلیٰ کے پا س استعفیٰ دینے کے علاوہ کوئی دوسرا متبادل نہیں رہ جائے گا۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ 224رکنی ایوان میں دونوں حکومت کے اراکین کی تعداد 98ہے جبکہ بی جے پی کے پاس دو آزاد اراکین اسمبلی سمیت مجموعی تعداد 106ہے ۔