کمسن بچی کا اغواء و قتل ، ماں اور عاشق گرفتار و جیل منتقل

   

حیدرآباد ۔ /13 نومبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے وجئے واڑہ کے مضافاتی علاقہ میں ایک کمسن بچی کا اغواء کرنے کے بعد اس کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ سنگین واردات بھوانی پورم پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئی ۔ تفصیلات کے مطابق 8 سالہ کمسن لڑکی اتوار کی دوپہر سے اچانک لاپتہ ہوگئی تھی جس کے نتیجہ میں گمشدہ لڑکی کے ماں باپ انیل اور رامنا جو پیشہ سے مزدور ہے نے پولیس سے شکایت درج کروائی تھی ۔ جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک مقدمہ درج کیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے اس کیس کا اہم سراغ کا پتہ لگایا اور کمسن بچی کی تلاش شروع کردی گئی ۔ ڈرون کیمرے کے ذریعہ پولیس نے تلاش کی اور اس کے پڑوسی پرکاش کے مکان کے قریب سے نعش برآمد کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ پرکاش کو پولیس نے حراست میں لیکر اس کی تفتیش کی جس نے اس کا انکشاف کیا کہ مغویہ لڑکی کی ماں رمنماں سے اس کے ناجائز تعلقات ہیں اور دونوں کے درمیان معصوم بچی رکاوٹ بن رہی تھی ۔ پولیس نے یہ بھی کہا کہ کمسن بچی نے دونوں کے تعلقات کا پتہ لگالیا تھا اور اس بات کو پوشیدہ رکھنے کیلئے رمنماں نے اپنی بیٹی کا پہلے گلا گھونٹا اور بعد ازاں اس کی نعش کو تھیلے میں ڈال کر پرکاش کے حوالے کیا ۔ پولیس نے لڑکی کی ماں اور اس کے عاشق کو گرفتار کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔