کمسن بچی کو شدید زدوکوب کرنے والے ظالم باپ کیخلاف مقدمہ

   

حیدرآباد : /7 اگست (سیاست نیوز) کمسن بچی کو زمین پر پٹکنے اور اسے شدید زدوکوب کرنے والے ایک ظالم باپ کے خلاف سیف آباد پولیس نے اقدام قتل کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق 24 سالہ ثناء فاطمہ ساکن اے سی گارڈ سیف آباد نے پولیس سے ایک شکایت درج کروائی جس میں اس نے کہا کہ /7 اگست کو اس کے شوہر باسط خان نے اس کی تیسری بیٹی جس کی عمر 3 سال ہے کو غصہ کی حالت میں زمین پر پٹک دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ باسط خان اپنی تیسری بیٹی کو اکثر ڈانٹ ڈپٹ کیا کرتا تھا لیکن /6 اگست کو اس نے دوبارہ اپنی بیٹی کو معمولی سی بات پر غصہ کرتے ہوئے اسے شدید برہمی کی حالت میں زمین پر پٹک دیا جس کے نتیجہ میں وہ اچانک بیہوش ہوگئی ۔ کمسن بچی کو فوری نیلوفر ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے دواخانہ عثمانیہ میں شریک کرنے کا مشورہ دیا اور جہاں پر وہ زیرعلاج ہیں ۔ سیف آباد پولیس نے باسط خان کے خلاف اقدام قتل اور جونیل جسٹس ایکٹ کے دفعہ 75 کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کمسن بچی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔