کمسن لڑکے کے اغوا کا معمہ حل، خاتون گرفتار

   

سی سی کیمروں کی مدد سے ملزمہ کی شناخت ، اے سی پی فلک نما عبدالمجید کا بیان
حیدرآباد۔/24 مئی، ( سیاست نیوز) کمشنر پولیس ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے چار سالہ کمسن لڑکے کے اغواء واقعہ کا معمہ حل کرتے ہوئے ایک خاتون کو گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما محمد عبدالمجید نے کہا کہ چار سالہ عبدالواحد جہاں نما فلک نما کے ایک دواخانہ کے قریب دوسرے لڑکوں کے ساتھ کھیل رہا تھا کہ ایک نامعلوم خاتون نے اسے اغوا کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ مغویہ لڑکے کی ماں طبی معائنہ کیلئے دواخانہ گئی ہوئی تھی جہاں پر واحد کھیلتے ہوئے دوسرے بچوں کے ساتھ دواخانہ کے باہر نکل گیا تھا۔ بچہ اچانک لاپتہ ہونے کے نتیجہ میں ماں نے پولیس فلک نما میں شکایت درج کروائی تھی جس پر ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا اور ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے سی سی کیمروں کے ذریعہ اغوا کنندہ خاتون 45 سالہ ثمرین کا پتہ لگایا۔ پولیس نے بتایا کہ مغویہ بچہ کو خاتون نے اپنے مکان واقع حسینی علم منتقل کیا اور اس کے ذریعہ وہ گداگری کروانے کا منصوبہ رکھتی تھی۔ ٹاسک فورس نے خاتون کو گرفتار کرتے ہوئے مغویہ بچہ کو اس کے چنگل سے چھڑالیا اور ماں باپ کے حوالے کردیا۔