کملاہیریس کو مسلم ووٹرس کی زبردست حمایت

   

گزشتہ پانچ سالوں میں اپنے موقف میں نمایاں مثبت تبدیلی کا دعویٰ، نائب صدارتی امیدوار ٹم والز کے ساتھ مشترکہ انٹرویو

واشنگٹن : امریکی صدر جوبائیڈن کے صدارتی دوڑ سے باہر ہونے اور کملاہیریس کے امریکہ کے صدارتی انتخابات کی دوڑ میں شامل ہونے کے بعد سے مسلم ووٹرز کی بڑی تعداد ڈیموکریٹ پارٹی کے ساتھ جڑ گئی۔ کونسل آف امریکن اسلامک ریلیشنز کے سروے کے مطابق 29.4 فیصد امریکی مسلمان کملاہیریس کو ووٹ ڈالنے پر آمادہ ہیں تاہم گرین پارٹی کی امیدوار Jill Stein کو ووٹ ڈالنے پر آمادہ امریکی مسلمانوں کی تعداد 29.1 فیصد ہے۔ کملاہیریس کے مقابلے میں جب جو بائیڈن صدارتی امیدوار تھے تو انہیں صرف 7.3 فیصد امریکی مسلم ووٹرز کی حمایت حاصل تھی جب کہ Stein کو اس وقت 36 فیصد مسلم ووٹرز کی حمایت حاصل تھی، پیلزپارٹی کے امیدوار Cornel West کو 25 فیصد مسلم ووٹرز کی حمایت حاصل تھی۔اس کے برعکس بائیڈن کے دوڑ سے باہر ہونے سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ کو صرف 5 فیصد مسلم ووٹرز کی حمایت حاصل تھی، 25 سے 27 اگست کے درمیان کیے گئے تازہ سروے کے مطابق کملاہیریس کی حمایت بڑھ رہی ہے جب کہ 16.5 فیصد مسلم ووٹرز نے تاحال فیصلہ نہیں کیا کہ وہ کسے ووٹ دیں گے۔سروے میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مسلم ووٹرز دونوں بڑی سیاسی جماعتوں سے دور ہورہے ہیں، سروے میں جواب دینے والے 69.1 فیصد افراد جو کہ ڈیموکریٹک پارٹی کو ووٹ دیتے رہے ہیں ان میں سے 60 فیصد کا کہنا تھا کہ وہ اس بار تیسری سیاسی جماعت کے امیدوار کو ووٹ دیں گے جب کہ 94 فیصد مسلم ووٹرز غزہ جنگ سمیت مختلف ایشوز پر بائیڈن کی پرفارمنس سے مطمئن نہیں۔سروے کے مطابق امریکہ میں مسلم ووٹرز کی تعداد 25 لاکھ کے قریب ہے اورپانسہ پلٹنے والی ریاستوں میں امریکن مسلم ووٹرز کا ووٹ کلیدی حیثیت اختیار کرسکتا ہے۔ امریکی صدارتی اْمیدوار کملاہیریس کا کہنا ہے کہ پچھلے 5 سال کے دوران فریکنگ اور سرحدی سیکیورٹی جیسے کئی اہم معاملات میں ان کے مؤقف میں ارتقائی تبدیلی آئی ہے لیکن اْن کی اقدار میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ کملاہیریس نے یہ بات اپنے نائب صدراتی امیدوار ٹِم والز کے ساتھ پہلے مشترکہ انٹرویو میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 2019 کی صدارتی مہم میں ماحولیات کی وجہ سے قدرتی گیس کے حصول کے لیے فریکنگ کی مخالفت کی تھی لیکن اب وہ اِس کی حمایت کرتی ہیں، کیونکہ فریکنگ کی صنعت بہت زیادہ لوگوں کو ملازمتیں فراہم کرتی ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی امیدوار کملاہیریس نے واضح کیا کہ وہ اب بھی ماحولیاتی تحفظ میں سنجیدہ ہیں اور معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ صاف توانائی کا فروغ جاری رکھیں گی۔ غزہ جنگ کے بارے میں کملاہیریس نے کہا کہ غزہ میں بہت سے بے گناہ فلسطینی مارے جارہے ہیں لیکن وہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی نہیں روکیں گی۔