ماسکو : کریملن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کملا ہیریس اور ڈونلڈ ٹرمپ اپنی سیاسی لڑائی میں صدر ولادی میر پیوٹن کا نام گھسیٹنا بند کریں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کریملن نے امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سیاسی مباحثے میں صدر پیوٹن کو فون کال پر یوکرین جنگ ختم کرنے کے بیان پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔کریملن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پیوٹن کا نام امریکہ میں گھریلو سیاسی جدوجہد میں ایک آلہ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، امریکی صدارتی مباحثے میں صدر پیوٹن کا نام لینا ہمیں واقعی پسند نہیں آیا، روس سے متعلق امریکا کا مجموعی رویہ اب بھی منفی اور جارحانہ ہے۔انہوں نے دونوں امریکی صدارتی امیدواروں کو جواب دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ وہ صدر پیوٹن کا نام سیاسی لڑائی میں استعمال کرنا بند کریں، ایسی کال سے کچھ ختم نہیں ہو گا۔کریملن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یوکرین کے تنازع میں امریکا اور یورپ براہ راست مداخلت کر رہے ہیں، امریکہ روس کو نیچا دکھانے کے لیے یوکرین کا استعمال کرنا بند کرے۔