کنگ آف رومانس سےکنگ آف ایکشن کا سفر آسان نہیں تھا

   

ممبئی ۔ بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے جوان کے دھماکے سے اپنے مداحوں کو خوش کردیا ہے لیکن رومانس کے بادشاہ کو ایکشن کا کنگ بننے میں سخت سفر طے کرنا پڑا ۔ شاہ رخ خان نے اسکرین پرکئی رومانوی کردار ادا کیے ہیں۔ شاہ رخ کوکنگ آف رومانس بھی کہا جاتا ہے۔ دیوانہ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والے شاہ رخ کے دل میں ہمیشہ ایکشن ہیرو بننے کی خواہش تھی۔ تاہم ان کی یہ خواہش بھی پٹھان کے ذریعے پوری ہوئی اور اب شاہ رخ ایک بار پھر جوان میں دھوم مچا رہے ہیں۔ راجو بن گیا جنٹلمین، بازی گر، ڈر،کبھی ہاں کبھی نہ، انجام اور کئی رومانوی فلموں میں کام کرتے ہوئے انہیں ناظرین سے بے پناہ محبت ملی۔ ایک وقت ایسا بھی آیا جب انہیں صرف رومانوی کرداروں کی پیشکش ہوئی ۔ شاہ رخ خان اپنی نرم اور چاکلیٹی امیج کو توڑنے کے لیے تڑپ رہے تھے لیکن کوئی بھی فلمساز انہیں ایکشن اور تھرلر فلموں کے لیے سائن کرنے کو تیار نہیں تھا۔ اس بات کا انکشاف شاہ رخ نے خود ایک انٹرویو کے دوران کیا ۔ شاہ رخ خان نے اپنے سابق انٹرویو میں کہا کہ میں نے کبھی ایکشن فلم نہیں کی تھی، میں نے پیاری پیاری کہانیاں بنائی ہیں، میں نے کچھ سماجی ڈراموں میں کام کیا ہے، میں نے کچھ برے لوگوں کا کردار ادا کیا ہے لیکن مجھے ایکشن فلمیں پسند ہیں۔ میں نے سوچا کہ اگلے چند سال میں میں ایکشن فلمیں کروں گا، مشن امپاسیبل جیسی فلمیں کرنا چاہتا ہوں لیکن میری یہ خواہش آسانی سے پوری نہیں ہوئی۔ پٹھان اور جوان کے بعد اب شاہ رخ کنگ آف ایکشن بن چکے ہیں۔