کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل4 خطاب جیت لیا

   

کراچی۔18 مارچ۔ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان سوپر لیگ کے سیزن 4کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دیتے ہوئے پی ایس ایل چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پشاورزلمی کی جانب سے 139 رنز کا ہدف صرف 2 وکٹوں پر مکمل کرکے 8 وکٹوں سے فتح حاصل کر لی۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دی۔ پشاورزلمی کے بیٹسمینس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولروں کی نپی تلی بولنگ کے سامنے بہتر کھیل پیش نہ کرسکے اور رنز بنانے کی کوشش میں وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے۔ اوپنرز امام الحق اورکامران اکمل نے محتاط انداز سے اننگز کا آغاز کیا تاہم امام الحق 3 رنز پر اونچی شارٹ کھیلتے ہوئے محمد حسنین کا شکار ہوئے جس کے بعد 31 کے مجموعی اسکور پر کامران اکمل بھی21 رنز بنا کرآوٹ ہوگئے ، تیسری وکٹ 62 رنز پر صہیب مقصود کی صورت میں گری جو 20 رنز بنا کرآوٹ ہوئے۔ عمرامین نے کچھ مزاحمت کی اور 38 رنز بناسکے ،نبی گل 9، پولارڈ7، کپتان ڈیرن سیمی 18 اور وہاب ریاض 12 رنز بنا کرآوٹ ہوئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے حسنین نے30رنز دیکر 3 مضبو ط بیٹسمینوں کو آوٹ کر کے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا، براوو نے 2، فواد احمد اور محمد نواز نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ پشاور زلمی مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 138 رنز ہی بنا سکی۔ ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر احمد شہزاد نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 59 رنز کی خوبصورت ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔ شین واٹسن صرف7رنز بناکر بدقسمتی سے رن آوٹ ہوئے ، احسان علی 25 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، روسو 39 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ وہاب ریاض کے علاوہ پشاور زلمی کے کوئی بولر وکٹ حاصل نہ کرسکا۔ سرفراز الیون کو تماشائیوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔ واضح رہے 2017 ء میں پی ایس ایل 2کے فائنل میںیہ دونوں ٹیمیں مدمقابل تھیں جس میں پشاور زلمی نے فتح حاصل کی تاہم سیزن 4 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فائنل میں شکست کا بدلہ لے لیا۔شکست کے بعد زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی مایوس نظر آئے۔