کوئی طاقت غریبوں کو اقل ترین آمدنی دینے سے نہیں روک سکتی: راہول گاندھی

   

بھواني پٹنہ، 6 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس صدر راہول گاندھی نے بدھ کے روز کہا کہ کوئی بھی طاقت ملک میں تمام غریبوں کو اقل ترین آمدنی دینے سے نہیں روک سکتی۔ اڈیشہ کے ایک روزہ دورے پر آنے والے راہول گاندھی نے ضلع کالا ہانڈی کے بھواني پٹنہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔انہوں نے غریبوں اور آدی باسیوں کونظر انداز کئے جانے کا وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلی نوین پٹنائک پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مسٹر نریندر مودی نے اپنے 15 صنعتکار دوستوں کے ساڑھے تین لاکھ کروڑ روپے کا قرض معاف کر دیا اور کسانوں کے لئے محض 17 روپے یومیہ دینے کا اعلان کیا جسے بی جے پی ایک تاریخی فیصلہ بتا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ملک کے تمام شہریوں کے بینک اکاؤنٹس میں 15 لاکھ روپے دینے کا وعدہ نہیں کر سکتا لیکن میں یہ یقین ضرور کر سکتا ہوں کہ کانگریس ملک کے تمام غریبوں کو کم از کم آمدنی دستیاب کرائے گي اور یہ رقم براہ راست ان کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کرائی جائے گی۔ کانگریس صدر نے کہا کہ ان کے خاندان کا کالا ہانڈی کے عوام سے پرانا ناطہ رہا ہے اور وہ سیاسی لیڈر کی حیثیت سے نہیں، بلکہ ایک خاندان کے رکن کے طور پر یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی، راجیو گاندھی، منموہن سنگھ اور سونیا گاندھی نے کالا ہانڈی اور کیبیکے علاقے پر خصوصی توجہ دی۔ انہوں نے کہاکہ “آپ لوگوں کو خصوصی توجہ اور خصوصی مدد درکار ہے کیونکہ یہاں کے پسماندہ لوگ ریاست کے دیگر اضلاع کے عوام سے اپناموازنہ نہیں کر سکتے ۔ مرکز کی مودی حکومت اور ریاست کی بی جے ڈی حکومت نے آپ کونظر انداز کیا ہے اور آپ سے ‘زمین، پانی اور جنگل’ چھینا ہے ۔