کواڈ ممالک نے پہلگام حملے کی شدید مذمت کی

   

واشنگٹن/نئی دہلی2جولائی (یو این آئی)کواڈ ممالک ہندوستان، امریکہ، جاپان اور آسٹریلیا نے 22 اپریل کو پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی ہے اور اس واقعہ میں ملوث دہشت گردوں اور ان سے وابستہ تنظیموں اور لوگوں کو فوری انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کا مطالبہ کیا ہے جنہوں نے ان کی مالی مدد کی۔واشنگٹن میں کواڈ وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد جاری ایک مشترکہ بیان میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، آسٹریلیا کے وزیر خارجہ پینی وونگ اور جاپان کے تاکیشی ایویا نے کہا، “ہم 22 اپریل 2025 کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، جس میں متعدد ہندوستانی اور نیپالی شہریوں کی جانیں گئی تھیں۔ ہم متاثرین کے اہل خانہ کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتے ہیں اور ہم اس قابل مذمت واقعہ میں ملوث دہشت گردوں اور ان سے وابستہ تنظیموں اور ان سے وابستہ افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔مشترکہ بیان میں ایک آزاد اور کھلے ہند-بحرالکاہل خطے کے لیے چاروں ممالک کے پختہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ انہوں نے ایک نئے ، عظیم اور مضبوط ایجنڈے کا بھی اعلان کیا جس میں چار اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔ سمندری اور بین الاقوامی سلامتی، اقتصادی خوشحالی اور سلامتی، اہم اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، اور انسانی امداد اور ہنگامی ردعمل۔
اس میٹنگ میں، کواڈ ممالک نے ‘کواڈ کریٹیکل منرلز انیشی ایٹو’ کے آغاز کا بھی اعلان کیا، جو کہ “اہم معدنیات کی فراہمی کو محفوظ بنانے اور متنوع بنانے کے لیے تعاون کرتے ہوئے اقتصادی سلامتی اور اجتماعی لچک کو مضبوط کرنے کے لیے ہماری شراکت داری کی ایک اہم توسیع ہے “۔