کوروناکا خوف ‘ دہلی ایمس میں سختی پابندیاں

   

اسٹاف کیلئے ماسک لازمی، 5 سے زائدافراد کے جمع ہونے پر امتناع
نئی دہلی :چین، جاپان اور امریکہ جیسے ممالک میں کورونا کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے ہندوستان میں بھی میٹنگوں کا دور شروع ہو گیا ہے۔ کئی طرح کے احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور طبی اداروں کی طرف سے بھی ضروری مشورے جاری کیے جا رہے ہیں۔ اس درمیان دہلی میں کچھ سخت اور اہم فیصلے لیے گئے ہیں۔ دہلی ایمس نے اپنے ملازمین کو کورونا سے بچاؤ کے اصولوں پر عمل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ سبھی کو کام کی جگہ پر لازمی طور سے ماسک پہننے اور ایک جگہ پر ایک ساتھ پانچ سے زائد لوگوں کے جمع ہونے سے بچنے کی ہدایت دی ہے۔ دہلی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے محض پانچ معاملے سامنے آئے ہیں، لیکن ایک شخص کی اس کورونا کی وجہ سے موت ہو گئی ہے۔ دہلی واقع ایمس نے پہلے سے ہی احتیاط برتنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس درمیان کئی طبی اداروں اور اس سے جڑے ماہرین کورونا سے دفاع کے طریقے اختیار کرنے کی اپیل کر چکے ہیں۔ ایل این جے پی اسپتال کے طبی ڈائریکٹر سریش کمار نے بھی جمعرات کو لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کووڈ کی احتیاطی خوراک لیں۔ ساتھ ہی آئندہ تہواروں پر بھی احتیاط برتنے کا مشورہ انھوں نے دیا ہے۔ سریش کمار کا کہنا ہے کہ سبھی ماسک کا استعمال کریں اور جنھوں نے بوسٹر خوراک نہیں لی ہے، وہ جلد لے لیں۔