کورونا سے نمٹنے تلنگانہ حکومت کے طریقہ کار پر ہائیکورٹ برہم

,

   

میتوں کا ٹسٹ کرنے کی ہدایت، مائیگرنٹ ورکرس کے ٹسٹ کے بارے میں رپورٹ طلب
حیدرآباد ۔27۔ مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے کورونا سے نمٹنے کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کے رویہ پر حیرت کا اظہار کیا اور میتوں کے کورونا ٹسٹ کرنے کی ہدایت دی ۔ ہائی کورٹ نے میتوں کے خون کے نمونے حاصل نہ کرنے سے متعلق حکومت کے احکامات کو کالعدم کرتے ہوئے تمام میتوں کے کورونا ٹسٹ کی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے کہا کہ عام امراض سے موت کی صورت میں ہاسپٹل سے میت کو جانے کی اجازت سے قبل کووڈ۔19 ٹسٹ کیا جانا چاہئے ۔ ہائی کورٹ نے تلنگانہ واپس ہونے والے مائیگرنٹ ورکرس کے ٹسٹ اور کورونا سے متاثرہ علاقوں کو گرین زون میں تبدیل کرنے پر حکومت سے رپورٹ طلب کی ہے۔ چیف جسٹس رگھویندر سنگھ چوہان اور جسٹس بی وجیہ سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے ریاستی حکومت کے رویہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بہتر حکمرانی کیلئے انسانی زندگی کی کافی اہمیت ہوتی ہے ، لہذا معاشی دشواریوں کے بہانے حکومت کو اس بات کی اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ کورونا ٹسٹ میں تساہل کریں۔ عدالت نے کہا کہ عوامی زندگی کو خطرہ پیدا کرتے ہوئے حکومت کو اس بات کا کوئی اختیار نہیں کہ وہ کورونا ٹسٹ کے انعقاد کے سلسلہ میں اپنا علحدہ موقف اختیار کرے۔ ڈیویژن بنچ نے تلنگانہ واپس ہونے والے مائیگرنٹ ورکرس کے ٹسٹ کی تفصیلات اور ان میں کورونا پازیٹیو پائے جانے والے افراد کی فہرست پیش کرنے کی ہدایت دی ۔