کورونا سے نمٹنے مالیاتی امداد کی پاکستان کی درخواست زیر غور : آئی ایم ایف

   

اسلام آباد 28 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے مالیاتی امداد فراہم کرنے پاکستان کی درخواست پر غور کریگا ۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میںاضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اب یہ تعداد بڑھ کر 1400 ہوگئی ہے ۔ اب تک وہاں 13 اموات کی اطلاع بھی ہے ۔ پاکستان کی معیشت ان دنوں مشکلات کا شکار ہے اور وہاں نقدی کا بحران بھی ہے ۔ پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے رجوع ہوتے ہوئے درخواست کی ہے کہ اسے تیز رفتار انداز میں مدد فراہم کی جانی چاہئے تاکہ اس کے بیرونی زر مبادلہ ذخائر میں اضافہ کیا جاسکے اور اس وائرس سے نمٹنے کیلئے جو اقدامات کئے جا رہے ہیں ان پر بھی یہ رقم خرچ کی جاسکے ۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ساری دنیا کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور معاشی انحطاط کا بھی اعتراف کرلیا گیا ہے ۔ آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائرکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی ایک ٹیم پاکستان کی درخواست پر تیزی سے کام کر رہی ہے اور آئی ایم ایف کے ایگزیکیٹیو بورڈ کی جانب سے جتنا ممکن ہوسکے جلدی اس درخواست پر غور کیا جائیگا ۔ 4 مارچ کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ وہ ایسے ممالک کی مدد کرنے تیار ہے جو اس وائرس سے نمٹنے میں مشکلات کا شکار ہیں۔ پاکستان کو امید ہے کہ اسے بحران کے اس وقت میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے 1.4 بلین ڈالرس کی اضافی امداد ملے گی ۔ پاکستان اس کے علاوہ بھی دوسرے ایجنسیوں اور اداروں سے بھی رقومات حاصل کرنے کی کوششیں تیز کرچکا ہے ۔