حیدرآباد : ریاستی حکومت کی جانب سے کوروناو ائرس کے مریضوں کے علاج کو آروگیہ شری اسکیم کے تحت کرنے کے اعلان کے بعد سے محکمہ صحت اور آروگیہ شری حکام نے کورونا وائر س کے علاج کیلئے نئی قیمتوں کے تعین کے سلسلہ میں اقدامات کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کا کہناہے کہ کورونا کے علاج کو آروگیہ شری اسکیم کے تحت کرنے کے منصوبہ کے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے اسمبلی میں اعلان کے بعد سے اس بات کا جائزہ لیا جا رہاہے کہ کورونا وائرس کے خانگی دواخانہ میں علاج کیلئے کتنی رقومات کی تخصیص عمل میںلائی جانی چاہئے کیونکہ کورونا علاج کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں محکمہ صحت کے عہدیداروں کا کہناہے کہ کورونا مریضو ں کے علاج کیلئے درکار مدت اور ان کے علاج کیلئے سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں کئی چیزیں واضح نہیں ہیں جیسے کہ کورونا مریض کو کتنے دن دواخانہ میں رکھنے کی ضرورت پڑسکتی ہے۔ریاستی حکومت کی جانب سے آروگیہ شری کے تحت کورونا وائرس کے علاج کی سہولت کی فراہمی کی صورت میں خانگی دواخانوں میں بھی آروگیہ شری کارڈ اور سفید راشن کارڈ رکھنے والوں کو مفت علاج کی سہولت حاصل ہوگی۔