کورونا مریضوں کیلئے سرکاری دواخانوں میں انتظامات کا آغاز

   

بستر مختص ۔ آکسیجن کی فراہمی کا بھی انتظام ۔ علامات پر معائنے کروانے کا مشورہ

حیدرآباد 21 ڈسمبر(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے شکار مریضوں کو سرکاری دواخانوں میں علاج کی سہولتوں کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں ۔ فیور ہاسپٹل (کورنٹی) نلہ کنٹہ میں انتظامیہ سے کورونا مریضوں کیلئے علحدہ وارڈس کی تیاری کرکے ان وارڈس میں آکسیجن کی سربراہی کے اقدامات کئے جاچکے ہیں۔ ڈاکٹرس نے علامات کا شکار مریضوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آرٹی پی سی آر معائنہ کو یقینی بنائیں اور بروقت علاج پر توجہ مرکوز کریں۔ محکمہ صحت کو متحرک کرنے کے بعد فیورہاسپٹل میں انتظامات کے متعلق بتایا گیا کہ دواخانہ میں 20 بستروں کو کورونا مریضوں کو دواخانہ میں شریک کرنے کی ضرورت محسوس ہونے پر فراہم کرنے مختص کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر کے شنکر سپرنٹنڈنٹ فیور ہاسپٹل نے بتایا کہ ماسک کے استعمال کے ذریعہ کورونا کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے لیکن اس کے باوجود بھی اگر کوئی وائرس کا شکار ہوتا ہے تو علاج کیلئے انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ فیور ہاسپٹل میں 20 بستروں کو کورونا مریضوں کیلئے مختص کرنے کے علاوہ انہیں آکسیجن کی فراہمی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کورونا معاملات میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے کورنٹی دواخانہ میں ریاپڈ اینٹی جین اور آر ٹی پی سی آر معائنوں کیلئے کٹس دستیاب ہیں ۔ ڈاکٹر شنکر نے بتایا کہ کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے ہر شخص کو بالخصوص جو مختلف عوارض میں مبتلاء ہیں انہیں زیادہ چوکسی کی ضرورت ہے کیونکہ وباء کا شکار ہونے پر ان کے دیگر عوارض تیزی کے ساتھ انہیں متاثر کرنے لگتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کی ہدایات کے بعد کورنٹی دواخانہ میں علاج و معالجہ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ انہوںنے علامات کا شکار افراد کو مشورہ دیا کہ وہ معائنہ کے بعد دواخانہ سے رجوع ہوں اور اگر سرکاری دواخانہ میں معائنہ کروانا چاہتے ہیں تو وہ کورنٹی سے رجوع ہوکر کورونا س کا معائنہ کرواسکتے ہیں ۔ معائنہ کی رپورٹ کے بعد ان کا باضابطہ علاج شروع کیا جائے گا۔م