کورونا مریضوں کی تعداد 50 ہزار کے قریب ‘ اموات 16 سو ہوگئیں

,

   

نئی دہلی 5 مئی ( سیاست ڈاٹ کام )منگل کو ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور یہ تعداد 50 ہزار کے قریب پہونچ گئی ہے جبکہ مہلوکین کی تعداد بھی 1600 سے پار ہوگئی ہے ۔ آج ایک دن میں ملک بھر میں 200 سے زیادہ اموات کی اطلاع ہے ۔ اس دوران مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ کورونا وائرس سے لڑنا کوئی راکٹ سائینس نہیں ہے اور ملک اس وباء کو یاد رکھے گا اگر لوگ صفائی کا خیال رکھنے کی عادت بنالیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم نریندرمودی نے ایک ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت بھی کی جو کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کی کوشش میں مصروف ہے ۔ اس کے علاوہ یہ ٹاسک فورس دوا کا پتہ چلانے ‘ تشخیص اور ٹسٹنگ وغیرہ کے کام میں بھی مصروف ہے ۔ آج شام پانچ بجے اپنے اپ ڈیٹ میں مرکزی وزارت صحت نے کہا کہ کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 1583 ہوگئی ہے جبکہ پیر کی شام سے منگل کی شام تک مرنے والوں کی تعداد 194 بتائی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ کہا گیا ہے کہ آج منگل کو ایک دن میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں 3,875 کا اضافہ ہوا ہے ۔ تاہم نیوز ایجنسیوں کا مختلف ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں سے ملی اطلاعات کی بنیاد پر جو اعداد و شمار کا اجراء عمل میں آیا ہے اس کے مطابق اب ہندوستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 49,369 تک جا پہونچی ہے جبکہ مہلوکین کی تعداد 1,621 ہوگئی ہے ۔ آج ایک دن میں چار ہزار مریضوں کا اضافہ ہوا ہے ۔ گجرات میں 441 نئے کورونا مریض سامنے آئے ہیں اس طرح ریاست میں جملہ کورونا مریضوں کی تعداد 6,200 ہوگئی ہے ۔ کئی دوسری ریاستوں میں بھی کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ ماہرین کا تاہم کہنا ہے کہ آئندہ وقت کورونا وائرس کے معاملہ میں مزید سنگین ہوسکتا ہے ۔