کورونا وائرس سے بچنے ہجوم سے دوری اور احتیاط ہی واحد موثر راستہ

,

   

تلنگانہ میں لاک ڈاؤن اور رات کے کرفیو پر موثر عمل آوری جاری رکھنے کی ہدایت، جائزہ اجلاس سے کے سی آر کا خطاب

حیدرآباد۔/25 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے چہارشنبہ کو کہا کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ریاست میں نافذ لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیوں پر پوری کامیابی کے ساتھ سختی سے عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ آنے والے دنوں میں بھی اس عمل کی برقراری کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر نے عوام پر زور دیا کہ وہ لاک ڈاؤن پر عمل کریں اور سماجی فاصلہ ( ہجوم سے دوری ) اختیار کریں یہی کورونا وائرس سے بچنے کا واحد موثر راستہ ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ریاست میں لاک ڈاؤن اور رات کے کرفیو پر عمل آوری کے علاوہ اس وباء پر قابو پانے کیلئے کئے جانے والے دوسرے اقدامات کا پرگتی بھون میں آج جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر صحت ایٹالہ راجندر، حکومت کے مشیر اعلیٰ راجیو شرما ، چیف سکریٹری سومیش کمار، چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری راج شیکھر ریڈی اور دوسرے بھی موجود تھے۔ چیف منسٹر نے آج صبح سے رات 10 بجے تک ریاست کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ انہوں نے اس ضمن میں مختلف ضلع کلکٹروں کے علاوہ صحت و طبابت کے سینئر عہدیداروں اور پولیس افسران سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ چیف منسٹر نے تمام متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ بالخصوص بیرونی ممالک سے آنے والے افراد کی صحت پر نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ قرنطینہ کے تحت مختلف دواخانوں کے وارڈز میں دوسروں سے الگ تھلگ رکھے گئے مریضوں کی حالت پر بھی بھرپور توجہ مرکوز کی جائے اور تمام احتیاطی تدابیر کی سختی سے پابندی کریں۔ چیف منسٹر نے ریاست بھر میں لاک ڈاؤن اور رات کے کرفیو پر کامیاب عمل آوری کا جائزہ لیا اور موثر اقدامات پر خوشی کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے عوام پر زور دیا کہ وہ حکومت سے تعاون جاری رکھیں۔ اس خوفناک وباء سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ اپنے گھروں میں موجود رہیں بالخصوص ہجوم سے دوری اختیار کریں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ جن افراد میں کورونا وائرس کی علامات نظر آنے کی صورت میں ان کے فی الفور طبی معائنے کروائے جائیں۔ چیف منسٹر نے اس صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے شب و روز سخت محنت کے ساتھ کام کرنے والے ملازمین صحت و طبابت اور صفائی عملے سے وابستہ کارکنوں کی ستائش کی۔ریاست میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد آج مزید پانچ افراد کی توثیق کے بعد 41 تک پہنچ گئی ہے جن میں ایک کمسن بھی شامل ہے