کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی خبر بے بنیاد:ہیلز

   

لندن۔18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انگلش اوپنر ایلکس ہیلز نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے حوالے سے زیر گردش خبروںکو مسترد کرتے ہوئے ان افواہوں پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔یاد رہے کہ خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیاکہ تھاکہ پاکستان سوپر لیگ میںکراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے ایلکس ہیلز کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر لیگ کے سیمی فائنل اور فائنل مقابلے غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ ایک غیر ملکی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی مشتبہ علامات سامنے آنے کے بعد پی سی بی نے پاکستان سوپرلیگ (پی ایس ایل) سیزن5 کوموخر کرنے کا فیصلہ کیا لیکن انہوں نے کسی بھی غیرملکی کھلاڑی کا نام نہیں لیا۔بعدازاں ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو زیرگردش رہی جس میں انہوں نے کہا کہ شاید ایلکس ہیلزکورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں، ان میں کچھ علامات ظاہر ہوئی تھیں اور وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے ایک ٹوئٹ بھی کی کہ ایلکس ہیلز نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے لیکن ان کے کوئی ٹسٹ نہیںکیے گئے جبکہ آج وہ بھی احتیاطاً کورونا وائرس کا ٹسٹ کروائیں گے۔معتبر برطانوی ادارے گارجین نے بھی اپنی خبر میں دعویٰ کیا کہ ایلکس ہیلز نے پاکستان سپر لیگ سے برطانیہ واپسی کے بعد خود کو محدودکر لیا ہے اور وہ اس وقت قرنطینہ میں ہیں۔ تاہم یہ تمام تر خبریں اس وقت بے بنیاد ثابت ہوئیں جب ایلکس ہیلز نے سماجی رابطوںکی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان خبروںکو غلط قرار دیا۔انہوں نے ان خبروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے درخواست کی کہ غلط خبریں نہ پھیلائی جائیں اور یہ خطرناک رویہ ہے۔ ہیلز نے ایک تفصیلی وضاحتی بیان بھی جاری کرتے ہوئے کہاکہ دیگرغیر ملکی کھلاڑیوں کی طرح میں نے بھی عالمی سطح پرکورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر نہ چاہتے ہوئے پاکستان سوپر لیگ ادھوری چھوڑ دی۔