کورونا وائرس کا قہر، ہندوستان میں مرنے والوں کی تعداد 2، 82 افراد متاثر، کئی ریاستوں میں تعلیمی ادارے، سنیما گھر، دیگرعوامی مقامات بند۔ آئی پی ایل بھی منسوخ

,

   

نئی دہلی : ہندوستان میں کورونا وائرس کی دہشت بڑھتی جارہی ہے ۔ دہلی ، کرناٹک ، مہاراشٹرا اور کیرالا میں کورونا وائرس کے نئے کیسیس سامنے آئے ہیں ۔ دہلی میں ایک 68 سالہ خاتون آج کورونا وائرس سے فوت ہوگئی ۔ ہندوستان میں کورونا وائرس سے ہونے والی یہ دوسری موت ہے ۔ اس سے پہلے کرناٹک گلبرگہ کے ایک شہری بھی کورونا وائرس سے انتقال کرگئے ۔ ملک کی کئی ریاستوں میں بند جیسے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ اسکولس ، کالجس اور تھیٹرس کو بند کردیا گیا ہے ۔ تمام پروگراموں کو منسوخ کردیا گیا ہے ۔ ہندوستان اب کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا دوسرا اہم ملک بن گیا ہے ۔ سب سے زیادہ دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کے کیسیس سامنے آئے ہیں ۔ 68 سالہ خاتون کو رام منوہر لوہیا ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جہاں اس کی موت واقع ہوگئی ۔ ہندوستانی فلمی صنعت کو بھاری نقصانات ہورہے ہیں ۔ تمام شوٹنگس روک دی گئی ہیں ۔ پروموشنل ایوینٹس بھی بند ہیں ۔ مہاراشٹرا میں عہدیداروں نے بتایا کہ ناگپور میں دو مزید افراد کا کورونا وائرس ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا ۔

YouTube video

مرکزی وزارت صحت کے عہدیداروں نے کہا کہ ملک میں بڑھتے واقعات تشویشناک نہیں ہے البتہ احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ دہلی میں 6 کیس پازیٹیو پائے گئے جبکہ اترپردیش میں 10 ، کرناٹک میں 5 مریضوں کا ٹسٹ کروایا گیا ہے ۔ مہاراشٹرا میں 11 ، لداخ میں 3 مریض پائے گئے ہیں ۔ ان کے علاوہ راجستھان ، تلنگانہ ، ٹاملناڈو ، جموں و کشمیر ، آندھراپردیش اور پنجاب سے بھی ایک ایک کیس سامنے آیا ہے ۔ کیرالا میں سب سے زیادہ 17 کیس درج کئے گئے ہیں ان میں سے تین مریضوں کو دواخانہ سے ڈسچارج بھی کیا گیا ہے ۔ سارے ملک میں 84 کیس درج کئے گئے ہیں ۔ دہلی میں خاتون کی موت کے بعد کورونا وائرس کے 6 کیس درج کئے گئے ۔ یہ خاتون اپنے فرزند کے ساتھ گزشتہ ماہ سوئزرلینڈ اور اٹلی کا دورہ کرکے آئی تھی جبکہ اس کے فرزند کا ٹسٹ کروایا گیا اس میں وائرس کے کوئی آثار نظر نہیں آئے ۔ پروٹوکول کے مطابق اس خاتون کے تمام ارکان خاندان کا ٹسٹ کروایا گیا ۔ صرف خاتون کا ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا ۔ عالمی صحت تنظیم کی جانب سے کورونا وائرس کو وباء قرار دینے کے بعد ہندوستان میں 4 ہزار کیس سامنے آئے ہیں ۔ تمام ضروری اقدامات کے ساتھ متاثرہ شہریوں پر نظر رکھی جارہی ہے ۔ مدھیہ پردیش کی حکومت نے بھی تمام اسکولوں کو غیرمعینہ مدت کیلئے بند کا اعلان کیا ہے ۔

اڈیشہ میں بھی تمام مدارس ، کالجس ، دفاتر بند کردیئے گئے ہیں ۔ یوروپ اب اس وائرس کا مرکز بن گیا ہے ۔ اس وائرس سے ساری دنیا میں اب تک زائد از 5000 افراد فوت ہوچکے ہیں اور 1.34 لاکھ متاثر ہیں ۔ ہندوستان میں کورونا وائرس کا قہر بڑھتا جارہا ہے ۔ مرکزی حکومت نے /15 اپریل تک تمام ویزوں کو معطل کردیا ہے ۔ انٹرنیشنل ٹریفک کو صرف 19 بارڈر چیک پوسٹ پر اجازت دی گئی ہے ۔ 37 کے منجملہ صرف 19 بارڈر چیک پوسٹ پر داخلہ کی اجازت ہوگی ۔ ہند ۔ بنگلہ دیش کی سرحد پر بند کردیا گیا ہے ۔