کورونا وائرس کا مریض زیرعلاج، احتیاط و چوکسی ضروری

   

افواہیں پھیلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی، کے ٹی آر کا انتباہ
حیدرآباد 3 فروری (این ایس ایس) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے حکومت کی طرف سے تمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ یہ اگرچہ متعدی مرض ہے لیکن بروقت تشخیص و علاج کی صورت میں اس سے متاثر کوئی بھی شخص بچایا جاسکتا ہے وہ فوت نہیں ہوتا۔ چوکسی ضروری ہے لیکن سنسنی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس، گاندھی ہاسپٹل، چیسٹ ہاسپٹل کے علاوہ دیگر دواخانوں کو ضروری آلات اور خصوصی وارڈس سے آراستہ کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے خبردار کیاکہ ’چونکہ گاندھی دواخانہ میں ایک شخص کو شریک کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے چنانچہ یہ خوفناک و موذی وائرس پھیل سکتا ہے۔ اس کے بارے میں ہمیں زائد چوکس و محتاط رہنا ہوگا‘۔ کے ٹی آر نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ کورونا وائرس کے بارے میں شعور بیداری کے لئے تلگو، اُردو، ہندی اور انگریزی زبانوں میں مہم چلائی جائے۔ کے ٹی آر نے کورونا وائرس کے بارے میں سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔ اس ضمن میں 104 ہیلپ لائن چہارشنبہ سے مکمل طور پر کارکرد ہوجائے گی۔