کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر مساجد میں احتیاطی اقدامات ضروری

   

جماعت اسلامی کے کارکنوں کو شعور بیداری کی ہدایت، امیر جماعت اسلامی ہند سعادت اللہ حسینی کا بیان
حیدرآباد۔ 26 مارچ (سیاست نیوز) امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی نے ملک میں کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے احتیاطی اقدامات کی تائید کی اور کہا کہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے عوام کو چوکسی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وبا سے بچنے کے لیے مسلمانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔ جناب سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا پوری دنیا کی آبادی کے لیے ایک چیلنج اور امتحان ہے۔ ملک میں متاثرین کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تعداد اور مستقبل میں وبا کے پھیلائو سے متعلق اندیشے تشویشناک ہیں۔ عوام کو چاہئے کہ وہ حکومت سرکاری محکمہ جات اور ماہرین طب کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ وباء کے پھیلائو کا سب سے بڑا ذریعہ انسانوں کا جمع ہونا ہے۔ اس لیے بڑے اجتماعات، مجالس اور تقریبات کے انعقاد سے گریز کیا جائے۔ اگر چھوٹی مجالس کا انعقاد ناگزیر ہو تو ان میں ضروری احتیاطی تدابیر لازمی طور پر اختیار کی جائیں۔ سفر سے بچنے کی حتی الامکان کوشش کی جائے اور لوگ اپنے مقامات پر رہیں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کی بھی وبائی حالات میں یہی ہدایت رہی ہے۔ جمعہ کی نماز اور خطبہ مختصر ہو اور نماز کے فوری بعد مصلیان منتشر ہوجائیں، سنتیں گھروں میں ادا کریں۔ نماز پنجگانہ کو مختصر کیا جائے اور صرف فرض نماز مسجد میں ادا کریں۔ وضو گھر سے کرلیں۔ مسجدوں میں صفائی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ ممکن ہو تو سنیٹائزر کا بھی نظم رہے۔ زکام، بخار، کھانسی، چھینک وغیرہ سے دوچار افراد مسجد نہ آئیں۔ بزرگ، بیمار اور بچوں کو گھروں میں نماز ادا کرنے کا مشورہ دیا جائے۔ امیر جماعت اسلامی ہند نے کہا کہ سی اے اے اور این پی آر کے خلاف احتجاجی مہم چل رہی ہے اسے جاری رہنی چاہئے لیکن مقامی حالات کے پیش نظر اس طرح احتجاج ہو کہ لوگوں کی صحت کو خطرہ لاحق نہ ہو اور محکمہ صحت کی ہدایات کی خلاف ورزی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ دین میں جن باتوں کی حیثیت محض مباح یا مستحب کی ہے جہاں احتیاط کا تقاضہ ہو ان پر اصرار نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تمام مقامی شاخیں اور کارکنان حکومت اور سرکاری محکمہ جات کا مکمل تعاون کریں اور عوام میں شعور بیدار کیا جائے۔ موجودہ حالات میں رجوع الی اللہ کے ساتھ کثرت سے توبہ و استغفار کیا جائے۔ مسنون دعائوں کا اہتمام کریں اور انسانیت کی سلامتی کے لیے دعا کریں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ حالات ہمیں اپنی دعوتی ذمہ داری یاد دلاتے ہیں۔ ہم ملک کے عام انسانوں کو حقیقی مالک و پروردگار کی طرف متوجہ کریں اور یاد دلائیں کہ قدرتی آفتوں کا بڑا سبب انسانوں کی بد اعمالیاں، ظلم و زیادتی اور فتنہ اور فساد ہوتے ہیں۔