کورونا وائرس : 24 گھنٹے میں 106 نئے کیس

,

   

مہاراشٹرا اور کیرالا میں مسلسل ابتر صورتحال ، ملک بھر میں متاثرین کی تعداد 1139 ، اموات 27

نئی دہلی ۔ /29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکز وزارت صحت نے بتایا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 106 نئے کیسوں کی توثیق ہوئی ہے ۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد اب تک 48 بیرونی شہریوں کے بشمول 1139 ہوگئی ہے جبکہ اموات 27 ریکارڈ کی گئی ہے ۔ جوائنٹ سکریٹری ہیلت ایل اگروال نے کہا کہ ایک دن میں 7 ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔ ہندوستان میں کورونا وائرس کے کیسوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے ۔ آئندہ 27 دن کے دوران ہزاروں کیسیس سامنے آسکتے ہیں ۔ /2 مارچ کو صرف 5 کیس ہوئے تھے ۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ مہاراشٹرا اور کیرالا متاثر ہیں ۔ جہاں پر علی الترتیب 203 اور 202 کیسوں کی توثیق کی گئی ہے ۔ مہاراشٹرا میں سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں جبکہ دارالحکومت دہلی میں Covid-19 کے 23 نئے پازیٹیو کیس پائے گئے جو ایک دن میں سب سے بڑی تعداد ہے ۔ دہلی میں اب تک 72 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 2 اموات ہوئی ہیں ۔ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے پانچویں دن کیرالا اور مہاراشٹرا کے علاوہ کرناٹک ، تلنگانہ ، گجرات ، راجستھان ، اترپردیش میں بھی ابھی تک سب سے زیادہ انفیکشن کے معاملے سامنے آئے ہیں ۔ کورونا وائرس ملک میں تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ اس سے نمٹنے کیلئے حکومت نے جامع اور مربوط منصوبہ بندی کے تحت 11 بااختیار گروپ تشکیل دیئے ہیں ۔ /24 مارچ کو لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد سے ملک میں روزانہ 75 تا 100 کورونا وائرس کے نئے کیس سامنے آرہے ہیں۔