چین، امریکہ، پاکستان، ہندوستان، ایران و دیگر متعدد ممالک میں انسانی حقوق کی پامالی: ہیومن رائٹس واچ
نیویارک: بین الاقوامی تنظیم ’ہیومن رائٹس واچ‘ نے کہا ہے کہ چین، امریکہ، پاکستان، ہندوستان، ایران سمیت دنیا کے بیشتر ملکوں میں کورونا وبا کے دوران انسانی حقوق کی پامالیوں میں اضافہ ہوا۔ گزشتہ روزجاری کردہ سالانہ رپورٹ میں دنیا کے ایک سو سے زائد ملکوں میں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔
امریکہ … ایچ آر ڈبلیو کے ایگزیکیوٹیو ڈائریکٹر کینتھ روتھ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے انسانی حقوق کے مقصد کو پوری طرح ترک کردیا۔ انہوں نے نو منتخب صدر جوزف بائیڈن سے اپیل کی کہ ٹرمپ نے امریکہ کے اندر اور واشنگٹن کی خارجہ پالیسیوں کے ذریعہ بیرونی ملکوں کے حوالے سے حقوق انسانی کے متعلق جو رویہ اختیار کیا، اسے تبدیل کرکے اس کی اصل شکل میں بحال کریں۔ ایچ آر ڈبلیو نے اپنی رپورٹ میں داخلی امور کے حوالے سے ٹرمپ کے موقف کی بھی نکتہ چینی کی ہے۔ ان میں ایمگریشن سے متعلق پالیسیاں، ماحولیاتی تبدیلی کو نظر انداز کرنا، ہم جنس برادری کے تحفظ سے متعلق قوانین کو کالعدم قرار دینا وغیرہ شامل ہیں۔
پاکستان … رپورٹ میں پاکستان میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال کے دوران، ’’حکومتی عہدیداروں اور پالیسیوں پر نکتہ چینی کرنے والے حقوق انسانی کے علمبرداروں، وکلاء اور صحافیوں کو ہراساں کیا گیا جبکہ اپوزیشن کے اراکین اور حامیوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔‘‘
ہندوستان … ایچ آر ڈبلیو نے کہا ہے کہ 2020ء میں ہندوستان میں ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت اور اس کی پالیسیوں کی نکتہ چینی کرنے والے کارکنوں، صحافیوں اور دیگر افراد کو ہراساں کرنے اورجیلوں میں ڈالنے کے واقعات میں اضافہ ہوا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے، ’’بی جے پی حکومت نے سیاسی بنیادوں پر مقدمات دائر کیے۔ حقوق انسانی کے کارکنوں، طلبہ رہنماؤں، ماہرین تعلیم، اپوزیشن رہنماؤں اور دیگر ناقدین کے خلاف ملک میں غداری اور انسداد دہشت گردی جیسے سخت قوانین کے تحت مقدمات دائر کیے گئے۔‘‘ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے، ’’گزشتہ برس فروری میں مشرقی دہلی میں پیش آئے فرقہ وارانہ فسادات اور جنوری 2018ء میں ریاست مہاراشٹرا کے بھیما کورے گاؤں میں ذات پات پر تشدد میں بی جے پی کے حامی ملوث تھے لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
افغانستان اور ایران … ایچ آر ڈبلیو نے اپنی رپورٹ کہا ہے کہ افغان فورسز، طالبان اور دیگر مسلح گروپوں کے درمیان گزشتہ برس کے ابتدائی نو ماہ کے دوران چھ ہزار سے زائد شہری ہلاک ہوئے۔
چین اور روس … رپورٹ میں چین اور روس میں بھی انسانی حقوق کی ابتر صورتحال کا ذکر شامل ہے۔ چین میں سنکیانگ صوبے میں ایغور مسلمانوں کو جیلوں میں ڈالنے اور ہانگ کانگ میں قومی سلامتی کا قانون نافذ کرنے پر بیجنگ پر نکتہ چینی کی گئی ہے۔ روس نے کورونا کی آڑ میں انسانی حقوق کو پامال کیا۔
کورونا میں انسانی حقوق … کورونا وائرس کی وبا کے دوران انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کیا اور بحران کے دور میں مالی امداد کو انسانی حقوق کا حصہ قرار دیا ہے۔ جرمنی اور ہالینڈ جیسے ممالک نے کورونا بحران کے دوران کم آمدنی والے لوگوں کی مناسب مالی مدد کی۔ تاہم، امریکہ جیسے دیگر ممالک میں یہ امداد معمولی یا عارضی تھی۔