سرینگر: وادی کشمیر کے معروف معالج اور خیبر ہسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر شوکت شاہ نے طلبا کو اپنی تمام تر توجہ تعلیم کی طرف مرکوز کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کورونا کی ممکنہ چوتھی لہر کی پیش گوئیوں سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو اسکولوں میں تعلیم کی طرف بھر پور توجہ مرکوز کرنی چاہئے تاہم حکام کی طرف سے جاری کورونا گائیڈ لائنز پر من و عن عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ موصوف ڈاکٹر نے ایک سوال کے جواب میں کہا: ‘ہمیں کورونا کی ممکنہ چوتھی لہر کی پیش گوئیوں سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ، دیکھتے ہیں کہ یہ لہر آتی بھی ہے یا نہیں اگر آئے گی تو ہم اس کا مردانہ وار مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قوم ایک بہادر قوم ہے ہم نے جس طرح گذشتہ لہروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اسی طرح اس ممکنہ لہر کا بھی مقابلہ کریں گے۔ ڈاکٹر شوکت شاہ نے کہا کہ بچوں کو اسکولوں میں اپنی تعلیم کی طرف بھر پور توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک قوم کی کلہم تعمیر و ترقی کا انحصار تعلیم پر ہوتا ہے زائد از دو برسوں کے بعد تعلیمی ادارے کھل رہے ہیں لہٰذا ہمارے بچوں کو اسکولوں میں اپنی تعلیم کی طرف بھر پور توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔