کووڈ-19 بیماری کی ٹسٹنگ کا نیا اور کفایتی طریقہ کار دریافت
نئی دہلی ۔8؍جون (ایجنسیز )ملک میں کورونا وائرس کے معاملوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔کورونا کے بڑھتے معاملوں کے درمیان انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) گوہاٹی کے محققین نے کورونا کی ٹیسٹنگ کا ایک نیا اور کفایتی طریقہ ڈھونڈ لیا ہے۔ کووڈ-19 بیماری کا سبب بننے والے سارس۔سی او وی۔2 کا پتہ لگانے کے لیے مٹی کے ذرات کا استعمال کیا ہے۔ تحقیق میں پایا گیا کہ مٹی کے ذرات سارس۔سی او وی۔2 کی موجودگی میں مختلف رد عمل ظاہر کرتے ہیں۔ یہ دریافت ایک آسان، کفایتی ٹیسٹنگ آپشن تیار کرنے میں معاون ہو سکتی ہے۔’اپلائیڈ کلے سائنس‘ جریدہ میں شائع ایک تحقیق میں محققین نے بتایا کہ مٹی کے ذرات وائرس پر مشتمل نمکین پانی کے محلول میں تیزی سے نیچے تک پہنچ جاتے ہیں۔ وائرس کی موجودگی میں مٹی کے ’انٹر پارٹیکل فورس‘ میں تبدیلی کی وجہ سے مٹی کے الیکٹرولائٹ سسٹم کی سیڈیمینٹیشن بدل گئی ہے۔ ’سیڈیمینٹیشن‘ وہ عمل ہے جس میں کسی مائع یا گیس میں تحلیل ہونے والے ذرات کشش ثقل یا دیگر قوتوں کی وجہ سے سیال سے باہر نکل جاتے ہیں۔ محققین کی ٹیم نے کہا کہ یہ دریافت، وائرس کا پتہ لگانے کے لیے فی الحال استعمال کی جانے والی پیچیدہ، مہنگے طریقوں کے بالمقابل آسان اور کفایتی متبادل ہو سکتی ہے۔ کورونا کے معاملوں میں مسلسل ہو رہے اضافے کی وجہ سے ماہرین صحت نے تمام لوگوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔
ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 6000 سے تجاوز
نئی دہلی، 08 جون (یواین آئی) ملک کے مختلف حصوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ-19 کے تقریباً 400 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد اس انفیکشن کے فعال کیسوں کی کل تعداد 6000 تک پہنچ گئی ہے ۔مرکزی وزارت صحت سے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اس عرصہ کے دوران ملک میں اس انفیکشن سے 6 افراد کی موت ہوئی جن میں سے تین اموات کیرالہ میں ہوئیں۔ اب تک ہندوستان میں 6,133 ایکٹیو کیسز ہیں اور کل مرنے والوں کی تعداد 65 ہے ۔ کیرالہ میں ایکٹو کیسز کی تعداد 2,000 کے قریب پہنچ گئی ہے اور یہ اس انفیکشن سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست بن گئی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاستوں سے 378 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ کیرالہ کے بعد گجرات اس معاملے میں دوسرے نمبر پر ہے ۔ 7 جون سے 8 جون کے درمیان یہاں انفیکشن کے 105 نئے کیسز درج کیے گئے تھے ۔ ریاست میں کورونا وائرس کے فعال کیسوں کی تعداد 820 سے تجاوز کر گئی ہے ۔ کیرالہ میں ایک دن میں 144 کیسوں کا اضافہ ہے ۔ مغربی بنگال میں 71 نئے کیس رپورٹ ہوئے ، جس سے اس کا فعال کیس 693 ہو گیا۔ دہلی میں 21 نئے انفیکشن رپورٹ ہوئے ، جس سے اس کے فعال کیسوں کی تعداد 686 ہو گئی۔ کرناٹک میں 75 نئے کووڈ 19 کیس رپورٹ ہوئے ۔ ریاست کے کل کیسز بڑھ کر 366 ہو گئے ہیں۔ مہاراشٹر میں کیسز کی تعداد 600 کے قریب ہے ۔کیرالہ میں ہونے والی تین اموات میں سے ایک 51 سالہ مریض کا گردہ ٹرانسپلانٹ ہوا تھا۔ ایک 64 سالہ شخص ذیابیطس، کینسر اور گردے کے مرض میں مبتلا تھا اور ایک 92 سالہ شخص کو دل کی بیماری اور کینسر تھا۔
ما ہرین صحت کے مطابق ٹیسٹنگ بڑھنے کے ساتھ کورونا کے معاملوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے حالانکہ زیادہ تر مریضوں میں کورونا کی معمولی علامات پائی جا رہی ہیں، اس لیے زیادہ فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔