کورونا کے کیسیس میں کمی،متاثرین کی تعداد 5.66لاکھ سے متجاوز

,

   

نئی دہلی : ملک میں گذشتہ دو دنوں سے کورونا وائرس کے یومیہ کے کیسیس میں کمی کے باوجود گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ، 18 ہزار سے زیادہ نئے کیسیس کے ساتھ یہ تعداد 5.66 لاکھ کو عبور کر چکی ہے ۔صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے منگل کو جاری اعداد و شمار کے مطابق متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5,66,840 ہوگئی ہے جس میں کورونا وائرس کے 18,522 نئے کیسیس بھی ہیں ، حالانکہ راحت دینے والی بات یہ ہے کہ گذشتہ دو دن سے کورونا وائرس کے یومیہ کیسیس میں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے ۔ جبکہ اتوار کے روز کورونا وائرس کے 19906 کیسیس درج ہوئے تھے ، وہیں پیر کے روزاس سے کچھ کم 19,459 ہی رپورٹ ہوئے تھے اور آج ہی 18،522 نئے کیسیس رپورٹ ہوئے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس جان لیوا وباسے 418 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جس سے مہلوکینکی تعداد بڑھ کر 16893 ہوگئی ہے ۔ دوسری طرف ، اس بیماری سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور اسی عرصے میں 13,099 مریض ٹھیک ہوئے ہیں۔ اس طرح اب تک مجموعی طور پر 3,34,822 مریض شفایاب ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس سے ملک میں ریاست مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثر ہوا ، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5257 کورونا وائرس کے کیسیس ریکارڈ ہوئے اور 181 افراد ہلاک ہوئے ۔