نئی دہلی : ہندوستان میں کورونا وباء کے باعث پھنسے ہوئے بیرونی شہریوں کے ویزا کی مدت میں /30 ستمبر تک توسیع کردی گئی ہے ۔ مرکزی وزارت داخلہ نے آج اس کا اعلان کیا ۔ حکومت نے اس وباء کے باعث ہندوستان میں پھنس جانے والے بیرونی شہریوں کو ان کے ریگولر ویزا میں توسیع دیتے ہوئے انہیں ملک میں قیام کی سہولت فراہم کی ہے ۔ ان پر مدت سے زیادہ قیام کیلئے کوئی جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا ۔ ایسے بیرونی شہریوں کو /30 ستمبر تک ان کے ویزا میں توسیع کیلئے فارنرس ریجنل رجسٹریشن آفس یا فارنرس رجسٹریشن آفس میں درخواست دینے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی ۔ ایسے شہری
e-FRRO
پورٹل پر ملک سے روانگی کی اجازت کیلئے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں ۔ جس پر مذکورہ دفاتر کی جانب سے انہیں منظوری دی جائے گی ۔