کولکاتا پولیس کمشنر کو سی بی آئی کے روبرو حاضر ہونے سپریم کورٹ کا حکم

,

   

نئی دہلی ، 5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج کولکاتا پولیس کمشنر راجیو کمار کو ہدایت دی کہ خود کو سی بی آئی کیلئے دستیاب کرائیں اور شاردا چٹ فنڈ اسکام کی تحقیقات سے اُبھر آنے والے کیسوں کی انکوائری میں تحقیقاتی ادارہ کے ساتھ ’’ایمانداری‘‘ سے تعاون کریں۔ فاضل عدالت نے کہا کہ راجیو کمار تحقیقات کیلئے سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) کے روبرو میگھالیہ کے شیلانگ میں حاضر ہوں گے اور اس انکوائری کے دوران کوئی سخت اقدامات بشمول کولکاتا پولیس سربراہ کی گرفتاری نہیں ہوگی۔ چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گگوئی کی سربراہی والی بنچ نے راجیو کمار کو نوٹس بھی جاری کی اور اُن کا جواب 20 فبروری تک طلب کیا، جو سی بی آئی کی جانب سے ان الزامات پر سماعت کی اگلی تاریخ ہے کہ وہ (راجیو کمار) الیکٹرانک ثبوت کو بگاڑ رہے ہیں اور اُن کی سربراہی والی ایس آئی ٹی نے ایجنسی کو بگاڑے گئے مادے فراہم کئے ہیں۔ فاضل عدالت نے مغربی بنگال چیف سکریٹری، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اور کولکاتا پولیس کمشنر کو بھی ہدایت دی کہ اُن کے خلاف سی بی آئی کی تحقیر عدالت سے متعلق دائرکردہ عرضیوں پر 18 فبروری کو یا قبل جواب دیں۔ بنچ نے کہا کہ فاضل عدالت کے سکریٹری جنرل اُن کو 19 فبروری کو مطلع کریں گے کہ آیا انھیں 20 فبروری کو فاضل عدالت کے روبرو حاضر رہنا ہوگا؟ سماعت کے دوران جو تقریباً 15 منٹ چلی، اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال اور سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے شاردا اسکام کیس کے 2014ء سے پیش آئے واقعات سلسلہ وار بیان کئے۔
اناہزارے کی بھوک ہڑتال ختم
ریلیگن سدھی ۔ /5 فبرور ی (سیاست ڈاٹ کام) سماجی جہد کار اناہزارے نے چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس اور دو مرکزی وزراء کی ملاقات کے بعد اپنی بھوک ہڑتال ختم کردی ۔ 81 سالہ ہزارے نے مودی حکومت کیخلاف /30 جنوری سے غیرمعینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کی تھی ۔