کولکتہ: مغربی بنگال کی حکومت نے کولکتہ میں 150 سال پرانی ٹرام سرویس کو جلد ہی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے سوائے میدان سے ایسپلانیڈ تک کے واحد ہیرٹیج سیکشن کے۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ سنیہاسیش چکرورتی نے یہ اطلاع دی۔ ٹرام سے محبت کرنے والوں نے اس فیصلے کے خلاف احتجاج کرنے کیلئے سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کولکتہ ملک کا واحد شہر ہے جہاں ٹرام چلتی رہتی ہیں۔ چکرورتی نے کہا کہ سست رفتاری سے چلنے والی ٹرام بھیڑ کے اوقات میں سڑکوں پر ٹریفک جام کرتی ہیں اور فی الحال ان کو نہیں چلایا جا سکتا کیونکہ مسافروں کو تیز رفتار نقل و حمل کی ضرورت ہوتی ہے۔ چکرورتی نے پیر کی شام صحافیوں کو بتایا کہ ٹرامس بلاشبہ کولکتہ کے ورثہ کا حصہ ہیں، انہوں نے 1873 میں گھوڑوں کی گاڑیوں کے طور پر آغاز کیا اور پچھلی صدی میں نقل و حمل میں اہم کردار ادا کیا۔