کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے نام وجہ نمائی نوٹس جاری

,

   

کانگریس قیادت کے خلاف نازیبا ریمارکس پر تادیبی کمیٹی کی اندرون دس یوم جواب طلبی
حیدرآباد۔/19 جون، ( پی ٹی آئی) تلنگانہ میں کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کو اپنی پارٹی قیادت کے خلاف ریمارکس کئے جانے کی پاداش میں وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی اور اندرون دس دن جواب طلب کیا گیا ہے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ایک اعلامیہ کے مطابق یہ نوٹس مورخہ 17 جون پارٹی کی تادیبی کارروائی کمیٹی کی طرف سے جاری کی گئی۔کمیٹی نے نوٹس میں کہا ہے کہ ’’ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی تادیبی کارروائی کمیٹی کے علم میں پھر ایک مرتبہ یہ بات آئی ہے کہ آپ نے صحافت کے ایک گوشہ میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر اور اے آئی سی سی جنرل سکریٹری ( برائے تلنگانہ ) اور خود تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کے خلاف 15 جون 2019 کو ضلع نلگنڈہ میں بعض نازیبا اور اہانت آمیز ریمارکس کئے تھے ‘‘۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری ، پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اور دیگر چند قائدین کے خلاف غیر پارلیمانی اور فحش زبان استعمال کئے جانے پر گزشتہ سال ستمبر میں بھی ایک وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی تھی۔ اس کمیٹی نے کہا کہ راجگوپال ریڈی اگر اندرون دس دن وضاحت پیش کرنے میں ناکام ہوجاتے ہیں تو ان کے خلاف ضابطہ کی کارروائی کی جائے گی۔ ضلع نلگنڈہ کے قریب حلقہ اسمبلی مونگوڑ کے رکن اسمبلی راجگوپال ریڈی نے چند دن قبل اشارہ دیا تھا کہ وہ بی جے پی میں بھی شامل ہوسکتے ہیں۔