کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا دھمکی آمیز آڈیو وائرل

   

پارٹی کے مخالف قائد سدھاکر کو قتل کی دھمکی

حیدرآباد۔/5 مارچ، ( سیاست نیوز) رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی جانب سے پارٹی کے نائب صدر سی ایچ سدھاکر کو ہلاک کرنے کی دھمکی سے متعلق آڈیو وائرل ہونے کے بعد وینکٹ ریڈی ایک نئے تنازعہ میں پھنس چکے ہیں۔ وینکٹ ریڈی کے بھائی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے کانگریس کی اسمبلی رکنیت سے استعفی دے کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی اور منوگوڑو حلقہ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا تھا۔ ضمنی چناؤ کے دوران وینکٹ ریڈی نے کانگریس کے مقامی قائدین سے ربط قائم کرتے ہوئے بھائی کی تائید کرنے کی اپیل کی تھی۔ اس آڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد ہائی کمان سے ناراضگی کا سامنا تھا لیکن حالیہ عرصہ میں وینکٹ ریڈی پارٹی سرگرمیوں سے وابستہ ہوگئے لیکن ایک تازہ آڈیو سوشیل میڈیا میں وائرل ہوا جس میں وینکٹ ریڈی نے پارٹی میں ان کے مخالف سی ایچ سدھاکر کو ہلاک کرنے کی دھمکی دی ہے۔ وینکٹ ریڈی نے سدھاکر کے فرزند کو فون کرکے دھمکی دی کہ ایک ہفتہ کے اندر سدھاکر کا قتل کردیا جائے گا اور ان کے حامی تلاش میں نکل چکے ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے سدھاکر کے فرزند سہاس کو خود فون کیا جس کی آڈیو وائرل ہوچکی ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ سدھاکر کو ہلاک کرنے کیلئے 100 گاڑیاں گھوم رہی ہیں۔ تمہیں اور تمہارے ہاسپٹل کو بھی نشانہ بنائیں گے۔ میں نے لاکھوں افراد کو زندگی دی ہے، میں ان پر کنٹرول نہیں کرسکتا۔واضح رہے کہ سی ایچ سدھاکر نے مخالف پارٹی سرگرمیوں کیلئے وینکٹ ریڈی کو نشانہ بنایا تھا۔ وینکٹ ریڈی نے حال ہی میں تلنگانہ میں معلق اسمبلی کی پیش قیاسی کرتے ہوئے پارٹی ہائی کمان کی ناراضگی کو دعوت دی تھی۔ر