کونڈا سریکھا کیخلاف سازش کے الزامات کو وزیر سری ہری نے مسترد کیا

   

پارٹی کے مقابلہ شخصیات کی کوئی اہمیت نہیں، کونڈا سریکھا کو او بی سی سنگھم کی تائید
حیدرآباد۔ 23 اگست (سیاست نیوز) ریاستی وزراء اے لکشمن کمار اور وی سری ہری نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف وزیر جنگلات کونڈا سریکھا کی دختر سشمیتا کے بیان کی مذمت کی ہے۔ وزراء نے تادیبی کارروائی کمیٹی کو کونڈا سریکھا کی وضاحت کو مسترد کردیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وی سری ہری نے کہا کہ کونڈا سریکھا کے خلاف سازش کی کسی کو ضرورت نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی سے عوامی نمائندوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جو بھی قصوروار ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کونڈا سشمیتا کے بیان سے پارٹی کو نقصان ہو سکتا ہے لہذا ڈسپلن شکنی معاملہ میں کارروائی کی جانی چاہئے۔ سری ہری نے کہا کہ ڈسپلن شکنی کے لئے ایس سی، بی سی یا کسی اور طبقہ کا سہارا لینا ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی شخصیت پارٹی سے بالاتر نہیں ہوسکتی اور پارٹی میں کوئی بھی چھوٹا یا بڑا نہیں ہے ہر کسی کو مساوی درجہ حاصل ہے۔ کونڈا سشمیتا کے بیان سے پارٹی کو نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کی ترجیح پارٹی کے وقار کا تحفظ کرنا ہے جنہیں پارٹی کا وقار عزیز نہیں ان کے لئے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض قائدین کے مخالف بیانات کو اپوزیشن ہتھیار کے طور پر استعمال کررہا ہے۔ سری ہری نے کونڈا سریکھا کے الزام کو مسترد کردیا کہ ان کے خلاف محض اس لئے سازش کی جارہی ہے کیونکہ وہ بی سی طبقہ سے تعلق رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسپلن کے معاملہ میں طبقات کا سہارا لینا ٹھیک نہیں ہے۔ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور دیگر طبقات کانگریس کے لئے مساوی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی تادیبی کارروائی کمیٹی نے کونڈا سریکھا اور چنا ریڈی کو نوٹس جاری کی ہے اور ان کے جوابات کا جائزہ لینے کے بعد کارروائی کی جائے گی۔ سری ہری نے کہا کہ پارٹی مقابلہ شخصیات کی کوئی اہمیت نہیں۔ اسی دوران تلنگانہ او بی سی سنگھم نے ریاستی وزیر کونڈا سریکھا کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی صدر ایس مدیراج نے الزام عائد کیا کہ کونڈا سریکھا کے خلاف سازش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کونڈا سریکھا سے ناانصافی کی گئی تو او بی سی سنگھم راہول گاندھی کی قیامگاہ کا گھیراؤ کرے گی۔ اسی دوران کانگریس ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی لندن سے واپسی کے بعد کونڈا سریکھا اور ڈاکٹر چنا ریڈی کے بارے میں کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ تادیبی کارروائی کمیٹی ہائی کمان کو رپورٹ روانہ کرے گی جس کی بنیاد پر کارروائی کی جاسکتی ہے۔ 1؍F