نئی دہلی۔آئی پی ایل کی میگا نیلامی کے بعد اب توجہ ان فرنچائزز کے لیے ممکنہ کپتانی کے امیدواروں پر مرکوز ہوگئی ہے جن کے پاس لیگ کے15ویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل ابھی تک کوئی نامزد کپتان نہیں ہے۔ رائل چیلنجرز بنگلور(آرسی بی)،کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) اور پنجاب کنگز (پی بی کس ای ) وہ تین ٹیمیں ہیں جنہوں نے اپنے کپتانوں کا تقرر نہیں کیاتھا لیکن آج شام کے کے آر نے شریاس آیر کو اپنا نیا کپتان بنایا ہے ۔ گزشتہ سالوں کے دوران،ممبی انڈینز (5)، چینائی سوپر کنگس (4) اور کے کے آر (2) نے سب سے زیادہ آئی پی ایل خطابات جیتے ہیں اور ان کے کپتان، روہت شرما، ایم ایس دھونی اور گوتم گمبھیر نے ٹیم کی کامیابی میں بڑاکردار اداکیا ہے۔ٹسٹ یا ونڈے جو غلطیوں کو سدھارنے کے لیے کافی وقت دیتی ہے اس کے برعکس ٹی20 کرکٹ برق رفتار سے کھیلی جاتی ہے اور ہرگیند پر حالات بدل جاتے ہیں، لہذا ایک کپتان کا کردار میدان میں فیصلہ سازہوتا ہے۔رائل چیلنجرز بنگلور کے پاس فاف ڈو پلیسی اورگلین میکسویل ممکنہ قیادت کے امیدواروں کے طور پر ہیں جوویراٹ کوہلی کے جانشین ہو سکتے ہیں۔ کوہلی جنہوں نے 2013 سے 2021 تک آر سی بی کی قیادت کی۔ آرسی بی نے کوہلی کو 15 کروڑ روپے میں برقراررکھا۔ فاف ڈو پلیسی کو بنگلورو میں ہونے والی میگا نیلامی میں آر سی بی نے 7 کروڑ روپے میں خریدا۔ڈو پلیسی جو گزشتہ سیزن تک چینائی کے لیے کھیلے تھے، اب تک آئی پی ایل میں سب سے زیادہ مستقل مزاج کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ وہ 2021میں چینائی کیلیے ان کی کامیاب مہم کے دوران شاندار فارم میں تھے اور 16 میچوں میں 633 رنز بنائے۔ قیادت کیلئے گلین میکسویل دوسرے امیدوار ہیں جنہوں2021 سیز ن میں چھ نصف سنچریوں کے ساتھ 42.75 کی اوسط پر 513 رنز بنائے۔ وہ پچھلے سال کے ایڈیشن میں آر سی بی کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے لیکن ان کے کپتان بننے کے امکانات اس لئے بھی کم ہیں کیونکہ وہ اس دوران شادی کرنے والے ہیں اور ابتدائی مقابلوں میں وہ ٹیم کو دستیاب نہ ہونے کا اشارہ دے چکے ہیں۔علاوہ ازیں کولکتہ کے پاس ممکنہ امیدواروں کے طور پر شریاس ایر، پیٹ کمنز اور اجنکیا رہانے تھے جوآئی پی ایل 2022 کے لیے کے کے آر کے کپتان کے طور پر ایون مورگن مضبوط جانشین تھے۔ شریاس آئرکو دو بارکے فاتح کے کے آر نے میگا نیلامی میں 12.25 کروڑ روپے میں خریدا ہے۔27 سالہ نوجوان ائرکیلئے ڈی سی اورکے کے آر میں بولی کی جنگ شروع ہوئی۔جس طرح کے کے آر نے نیلامی میں ائر کے لیے جارحانہ انداز میں بولی لگائی ہے اس سے ایسا لگتا تھاکہ وہ آئندہ سیزن میں فرنچائز کی قیادت کرنے کے لیے سب سے آگے ہیں اور اب باضابطہ اعلان نے اس پر مہر ثبت کردیا ہے۔کپتانی کے معاملے میں پنجاب کنگزبھی شامل ہے۔ پنجاب کے پاس شکھر دھون اور میانک اگروال ممکنہ امیدواروں کے طور پر ہیں جو آئی پی ایل 2022 کے لیے پی بی کے ایس کے کپتان کے طور پر کے ایل راہول کی جگہ لے سکتے ہیں کیونکہ راہول کو نئی فرنچائز، لکھنؤ سوپر جائنٹس نے منتخب کرنے کے علاوہ اپنا کپتان بھی بنایا ہے ۔دھون نے پچھلے کچھ سیزن میں دہلی کیپٹلس کے لیے کھیلا اور پرتھوی شا کے ساتھ اننگز کے آغاز پر غیر معمولی نتائج پیش کیے۔