کوویڈ-19: ٹھیک ہوچکے مریض پھر سے ہو رہے ہیں انفیکشن میں مبتلا، دہلی کےلیے خطرے کی گھنٹی

   

 کوویڈ-19: ٹھیک ہوچکے مریض پھر سے ہو رہے ہیں انفیکشن میں مبتلا، دہلی کےلیے خطرے کی گھنٹی

 

نئی دہلی، 18 آگست (سیاست نیوز)

بھارت کی راجدھانی دہلی کے متعلق کہا جا رہا تھا کہ وہاں انفیکشن قابو میں ہے، سرکاری ذرائع سے یہ بھی اطلاع مل رہی تھی کہ سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے، مگر اب پھر سے خطرہ منڈلاتا نظر آرہا ہے۔ 

 

ریاست کے کچھ اسپتالوں کے مطابق کورونا انفیکشن سے ٹھیک ہوئے لوگ پھر سے اس وبا کے شکار ہو رہے ہیں، دہلی حکومت کے ماتحت چلنے والے ہسپتال راجیو گاندھی سپر اسپیشلسٹی میں دو ایسے مریض جو کورونا سے ٹھیک ہو چکے تھے پھر سے مبتلا ہو گئے ہیں۔ 

 

اسپتال کے مطابق پچھلے مہینے کے آغاز میں ہی دونوں ٹھیک ہو گئے تھے۔ لیکن اب پھر سے ان میں کورونا کے علامت پائی گئی ہے اور وہ پھر سے انفیکشن کی زد میں آ گئے ہیں۔ 

 

دہلی واقع دوراکا کے آکاش ہیلتھ کئیر اسپتال میں بھی ایسا ہی ایک معاملہ سامنے آیا ہے جہاں کورونا کا شکار ہو چکا ایک شخص ٹھیک ہونے کے بعد دوبارہ اس مرض میں مبتلا ہوگیا ہے، اتنا ہی نہیں اس بار اس کی موت بھی ہو گئی۔ بتایا گیا کہ ایک پولیس اہلکار بھی دوبارہ کورونا مثبت پایا گیا۔ ایسے معاملوں نے پھر سے حکومت اور ڈاکٹروں کی پریشانی کو بڑھا دیا ہے۔ 

 

میڈیکل رپورٹ کے مطابق میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ چلائے جا رہے ایک کوویڈ کیئر میں تعینات نرس بھی انفیکشن سے ٹھیک ہونے کے بعد پھر سے انفیکشن میں مبتلا ہوگئی ہے۔

 

 دہلی حکومت کے ذریعہ چلائے جا رہے اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر بی ایل شیروال کے مطابق، جب تک وائرس بڑھنے کا پتہ نہیں چل جاتا یا اس کے جین کی سکوینسنگ نہیں کر لی جاتی ہے تب تک یہ پتہ کرنا مشکل ہے کہ کیا وائرس کے دوسرے اسٹرین نے شخص کو دوسری بار انفیکشن سے دوچار کیا ہے؟