کوکٹ پلی قتل کیس کا معمہ حل ، ملزم گرفتار

   

ملزم کا دوست کی ترقی پر حسد کا اعتراف ، اسپیشل آپریشن ٹیم مادھاپور کی کارروائی
حیدرآباد /5 ستمبر ( سیاست نیوز ) ساتھی کی ترقی سے حسد کے سلسلہ میں بم کی جھوٹی اطلاع دینے کا واقعہ ابھی تازہ ہی تھا کہ اس طرح کا ایک اور واقعہ منظر عام پر آیا ۔ جب پولیس سائبرآباد نے کے پی ایچ پی قتل کیس کو حل کرلیا ۔ جہاں ایک سافٹ ویر انجینئیر کے قتل کی سنسنی خیز واردات پیش آئی تھی ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں قاتل کو گرفتار کرلیا جو اس کا بچپن کا ساتھی نکلا کاروبار میں مدد ، ملازمت کی فراہمی اور خود کی کمپنی میں بڑا عہدہ دینے کے بعد بھی اس کی حسد کم نہیں ہوئی تھی ۔ نوکری اور چھوکری کے معاملہ میں ہنمنت ماتھے نے اس کے بچپن کے ساتھی 35 سالہ مہیش بابو کا قتل کردیا ۔ 28 اگست کی رات پیش آئی اس سنگین واردات میں پولیس کیلئے قتل کی وجوہات کا پتہ چلانا ایک اہم مسئلہ بن گیا تھا ۔ چونکہ نعش کی دستیابی کے ساتھ ہی پولیس نے قاتل کی نشاندہی کرلی تھی اور پولیس تحقیقات میں محتلف وجوہات اور زاویہ سے کیس کو حل کیا گیا ۔ پہلے ناجائز تعلقات کو قتل کی وجہ تصور کیا جارہا تھا ۔ اور کمپنی کی ایک ملازمہ پرینکا پر شبہات ظاہر کئے جارہے تھے ۔ لیکن اس دوران مقتول کی بیوی پرشانتی نے پولیس سے رجوع ہوکر اپنے شوہر کے کردار کی ضمانت دی تھی اور قتل کی وجوہات کو رقمی لین بتایا تھا ۔ آج اسپیشل آپریشن ٹیم مادھاپور زون نے لنگم پلی کے علاقہ سے قاتل کو گرفتار کرلیا ۔ گرفتار قاتل 35 سالہ ہنمنت ساتھے نے پولیس کو بتایا کہ مہیش بابو اس کی تنخواہ وقت پر نہیں دے رہا تھا اور اس نے تنخواہ کی رقم کاٹ لی تھی اس کے علاوہ کمپنی میں ہو رہے نقصان کا بھی اسی کو ذمہد ار مانتا تھا اور کمپنی کی ملازمہ پرینکا سے بات چیت کرنے پر بھی پابندیاں لگا رہا تھا ۔ ہنمنت ساتھے پرینکا کے قریب ہو رہا تھا اور یہ بات مہیش بابو کو پسند نہیں تھی ۔ اس نے کافی مرتبہ اپنے ساتھی کو تاکید کی تھی ۔ مہیش بابو 10 سال قبل پرکاشم سے حیدرآباد منتقل ہوا تھا اور امیرپیٹ میں کام کرتا تھا ۔ جس کے بعد اس نے آئی ٹی ٹرینر کی حیثیت سے اپنے ذاتی کاروبار کا آغاز کیا ۔ اس دوران پریشان حال اپنے ساتھی جو اس کا قاتل نکلا اسے کمپنی میں اعلی عہدہ دیا اور کاروبار میں پارٹنر شپ بھی دی ۔ پولیس نے گرفتار قاتل کو عدالتی تحویل میں دے دیا ۔